لندن ہاربر پر مگر مچھ سے سنسنی
اتوار 15 اکتوبر 2017 3:00
لندن.... لندن ہاربر پر پانی میں تیرتے ہوئے جس مگرمچھ سے پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی تھی وہ کوئی حقیقی مگرمچھ نہیں تھا بلکہ ایک مصنوعی مگرمچھ تھا جسے آرائشی طور پر پانی میں چھوڑا گیا تھا۔ واضح ہو کہ ہاربر کی سیر کو آئے ہوئے کرس ڈیویس نامی شخص نے ایک دن قبل ٹوئٹر پر یہ پیغام دیا تھا کہ اس نے ایک خطرناک مگرمچھ کو ہاربر پر لنگرانداز کشتی کے قریب تیرتے دیکھا ہے اسلئے لوگ اس جگہ سے دور رہیں۔ اس نے موقع کی تصاویر بھی اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ہی جاری کردی تھیں۔ اب ہاربر انتظامیہ کے نگراں کا کہنا ہے کہ ان کے ٹوئٹ کے فوراً بعد پولیس موقع پر پہنچ گئی تو پتہ چلا کہ یہ کوئی اصلی یا خطرناک مگرمچھ نہیں بلکہ محض آرائشی اور بے ضرر ہے۔ ہاربر مانیٹر کولن بلاک نے بھی اس بات کی تصدیق کردی کہ نظر آنے والا مگرمچھ اصلی نہیں تھا اسلئے اس سے کسی کو کوئی خطرہ بھی لاحق نہیں تھا اور نہ ہی لوگوں کو سنسنی میں مبتلا ہونے کی ضرورت تھی۔ اس سے قبل بھی اس ہاربر کو خوبصورت بنانے کیلئے اس میں مصنوعی ڈولفنیں اور دوسرے آبی جانور چھوڑے جاچکے ہیں۔ کرس ڈیویس کا کہنا ہے کہ اسکا شک بلاوجہ نہیں تھا۔ اس نے کچھ عرصہ قبل ہی علاقے کے بیئر لسا پارک میں 6 خطرناک اژدھے بھی دیکھے تھے۔