برطانوی پولیس کی پلے اسٹیشن پر ’’برق رفتار تعاقب‘‘ کی تربیت
لنکا شائر .... برطانوی پولیس کو اکثر خطرناک مجرموں اور دیگر مطلوبہ افراد کو گرفتار کرنے میں دشواری پیش آتی ہے جسکا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ جرائم کا ارتکاب کرنے والے آگے آگے بھاگتے ہیں اور پولیس اپنے محدود وسائل ، مقررہ قانونی رفتار اور دوسرے عوامل کو مدنظر رکھ کر چلنے کی وجہ سے ان کا صحیح تعاقب نہیں کرپاتی اور جرائم پیشہ افراد کو فرار میں بڑی مدد ملتی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اسی مسئلے کو حل کرنے کیلئے برطانوی شہر لنکا شائر کے پولیس اہلکاروں نے مجرمو ںکے برق رفتار تعاقب کی تربیت حاصل کرنے شروع کردی ہے اور وہ پلے اسٹیشن پر گران ٹوریزمو نامی اسپورٹس گیم کھیل رہے ہیں۔ یہ سب کچھ ایک دور رس اور موثر سمجھے جانے والے منصوبے کے تحت ہورہا ہے۔ جسکا مقصد یہی ہے کہ پولیس اہلکاروں کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہو اور وہ وقت اور تقاضے کے مطابق اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق 4پولیس اہلکاروں نے ان پلے اسٹیشنوں پر تعاقب کی خصوصی تربیت حاصل کرنا شروع کردی ہے۔ گران ٹوریزمو نامی گیم حقیقت سے اتنی قریب ہے کہ اسے انتہائی معیاری قرار دیا جاسکتا ہے۔ چند ہفتوں کی تربیت کے بعد زیر تربیت افسران نے اپنے تعاقب کی رفتار میں 14سیکنڈ کا اضافہ کرلیا ہے۔ یہ لوگ یہ تربیت سلوراسٹون ریس کورس میں حاصل کررہے ہیں۔ جہاں انہیں پلے اسٹیشن پر تربیت دینے کے علاوہ تدریسی عمل سے بھی گزارا جارہا ہے اور انہیں بتایا جاتا ہے کہ برق رفتار تعاقب کیسے ممکن ہوسکتا ہے۔