انڈونیشیا: فٹبال میچ میں ساتھی کی ٹکرسے گول کیپر چل بسا
لمونگن: انڈونیشیا کے صوبے مشرقی جاوا کے شہر لمونگن میں لیگ کے دوران مشہور فٹبال کلب پارسیلا کے گول کیپرچوئرل ہدا اپنی ہی ٹیم کے ڈیفنڈر کی ٹکر سے جان کی بازی ہار گئے۔ یہ حادثہ گزشتہ روز اس وقت پیش آیا جب گول کیپر گیند پکڑنے کےلئے آگے بڑھ رہے تھے کہ ڈیفنڈر کی زوردار ٹکرسے کلابازی کھاتے ہوئے دور جا گرے۔ انھیں فوری طور پر طبی امداد کےلئے اسپتال لے جایا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔ کچھ ہی دیر بعد ڈاکٹروں نے 38 سالہ چوئرل ہدا کی موت کی تصدیق کر دی۔بعد ازاںپرسیلا فٹبال کلب کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں گیا ہے کہ ’ڈاکٹر یودسٹرو اندری نگروہو کا کہنا ہے کہ ہدا کو سینے اور نچلے جبڑے پر چوٹ آئی تھی۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’ابتدائی تجزیے‘ کے مطابق ’انھیں ممکنہ طور پر سر پر اور گلے پر زور دار ضرب لگی۔‘مشرقی جاوا کے شہر لمونگن میں واقع لمونگن ہسپتال کے ڈاکٹر نگروہو کا کہنا تھا کہ ٹکرانے کے باعث ہدا کا سانس رک گیا اور دل کا دورہ پڑا۔ان کا کہنا تھا کہ ان کی میڈیکل ٹیم نے ان کی سانس بحال کرنے کوشش کی لیکن ایک گھنٹے کی کوشش کے باوجود ’زندگی کے آثار محسوس نہیں ہوئے۔‘ جس میچ میں یہ واقعہ ہوا وہ پرسیلا اور سیمین پڈانگ کے درمیان تھا جو جاری رہا اور اس میں پارسیلا کلب نے 0-2 گول سے کامیابی حاصل کی۔پارسیلا فٹ بال کلب کا کہنا ہے کہ ان کے ہزاروں کی تعداد میں مداحوں نے گول کیپر کی یاد میں شمعیں روشن کرنے کی تقریب میں حصہ لیا۔ ہدا نے اس کلب کی500 سے زائد میچوں میں نمائندگی کی تھی اور وہ 1999ء سے پارسیلا کلب سے منسلک تھے۔انھیں زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پارسیلا کلب کا حقیقی لیجنڈ قرار دیا گیا ہے۔