Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بجلی، پانی، فون پر 5فیصد ٹیکس مقرر

ریاض .... پانی، بجلی ، انٹرنیٹ، فون پر 5فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس مقرر کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ویلیو ایڈڈ ٹیکس انٹرنیٹ، پری پیڈ ،پوسٹ پیڈ کارڈز، بجلی اور پانی کے بل اور پرانی کاروں کے کاروبار پر وصول کیا جائیگا۔ پری پیڈ کارڈز اور پوسٹ پیڈ کارڈ پر 5فیصد ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔ ٹیکس کی وصولی ریچارج کرانے پر ہوگی۔پلاٹس کے لین دین اور آن لائن کاروبار پر بھی ٹیکس لیا جائیگا۔اصلاح و مرمت کی خدمات، ریکروٹنگ ایجنسی کی خدمات، مشاورتی خدمات،انجینیئرز کنسلٹینسیوں کی خدمات پر بھی ویلیو ایڈڈ ٹیکس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سے مکانات کے کرائے مستثنیٰ رہیں گے۔محکمہ زکوة و آمدنی کے ترجمان یحییٰ محمد عشتیل نے مکہ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس بالواسطہ ٹیکس ہے۔ اشیاء اور خدمات پر لگایا جاتا ہے۔ سعودی عرب میں 2018ءکے اوائل سے نافذ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ اگر کسی تاجر نے کوئی سامان درآمد کیا اور اس پر اس نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس ادا کردیا اور پھر مذکورہ سامان وہ واپس بھجوا رہا ہو تو ایسی صورت میں اسے ادا شدہ ویلیو ایڈڈ ٹیکس واپس کردیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ بیرون مملکت سے آن لائن سامان خریدنے پر بھی 5فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس وصول کیا جائیگا۔ مثال کے طور پر اگر کوئی گاڑیوں کے فاضل پرزے آن لائن خریدے گا تو اس سے یہ ٹیکس وصول کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ موبائل کے پوسٹ پیڈ بل پر5فیصد ٹیکس بل کیساتھ لیا جائیگا۔5فیصد ویلیو ایڈڈ ٹیکس بجلی اور پانی کے بل میں شامل کرکے جاری کیا جائیگا۔محکمہ زکوة کے ترجمان نے بتایا کہ گاڑیوں ، الیکٹرانک آلات اور گھریلو سامان کی اصلاح ومرمت پر بھی ٹیکس ہوگا۔بڑی کمپنیوںاور ایجنسیوں سے وصول کیا جائیگا۔ ورکشاپوںاور چھوٹی دکانوں سے بھی اصلاح و مرمت پر ویلیو ایڈڈ ٹیکس لیا جائیگا۔
 

شیئر: