چیمپیئنز لیگ :لائنل میسی کے یورپی مقابلوں میں 100 گول مکمل
جمعرات 19 اکتوبر 2017 3:00
بارسلونا:ہسپانوی فٹبال کلب ایف سی بارسلونا نے چیمپیئنز لیگ کے میچ میں یونانی کلب اولمپیاکوس کو 1-3سے شکست دیدی تاہم اس میچ کی خاص بات لائنل میسی کا ایک اور ریکارڈ ہے ۔ ارجنٹائنی اسٹار اس میں فری کک کے ذریعے گول کرتے ہوئے یورپی فٹبال مقابلوں میں گولز کی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہو گئے۔ انہوں نے یہ کارنامہ اپنے122میچوں میں انجام دیا جبکہ ان کے روایتی حریف کرسٹیانو رونالڈو دوسرے ایسے فٹبالر ہیں جو یورپ میں ہو نے والے مقابلوں میں گولز کی سنچری بنا چکے ہیں ۔ رونالڈو کو اس کے لئے 143میچز کھیلنا پڑے تھے۔ میچ کے دوران بارسلونا کے ایک اسٹار کھلاڑی جیراڈ پیکے کو اس وقت میدان سے باہر جانا پڑا جب انہوں نے دوسری مرتبہ سنگین فاول کیا۔میسی نے میچ کے دوران شاندار انداز میں فری کک پر اسی طرح گول کیا جس طرح باقی کھلاڑی پنالٹی کک پر گول کرتے ہیں۔