Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لائنل میسی کی ہیٹ ٹرک نے ارجنٹائن کو ورلڈ کپ میں پہنچا دیا

لزبن:لائنل میسی کی شاندار اور بروقت ہیٹ ٹرک نے ارجنٹائن کو ورلڈ کپ فائنلز میں پہنچا دیا جبکہ پرتگال نے بھی سوئٹزر لینڈ کے خلاف کامیابی حاصل کرکے جگہ بنا لی تاہم امریکی ٹیم ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو سے شکست کھانے اور پانامہ کی کوسٹا ریکا کے خلاف متنازعہ فتح کی وجہ سے 1986کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیلنے سے محروم رہ گئی۔برازیل نے چلی کو 0-3 سے شکست دے کر میگا ایونٹ تک رسائی سے روک دیا جبکہ برازیلی ٹیم پہلے ہی رسائی حاصل کرچکی ہے ایکوا ڈور کے خلاف میچ ارجنٹائن کے خصوصی اہمیت کا حامل تھا اور اس میں ممکنہ شکست سابق چیمپیئن کو ورلڈ کپ سے باہر کر سکتی تھی تاہم تمام اندازے غلط ثابت ہوئے اور لائنل میسی نے حقیقی قائدانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کی44ویں ہیٹ ٹرک مکمل کرتے ہوئے ٹیم کو نہ صرف یکطرفہ کامیابی دلائی بلکہ ورلڈ کپ تک رسائی بھی یقینی بنادی۔ ایکواڈور نے ہوم گراونڈ پر ہو نے والے میچ کے پہلے ہی منٹ میں گول کرکے برتری حاصل کرلی تھی ۔ ابارا مینا کایہ گول میسی کے لئے نئے جوش وجذبے کا محرک ثابت ہوا اور انہوں نے اگلے 20منٹوں میں2گول کرتے ہوئے ٹیم کو برتری دلا دی۔دوسرے ہاف میں میسی نے تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے ساتھ ٹیم کی فتح بھی یقینی بنادی اور ٹیم کے میگا ایونٹ سے باہر ہونے کے خطرات ٹال دئیے۔ادھر پرتگال نے سوئٹزرلینڈ کے خلاف کامیابی سمیٹ کر ورلڈ کپ کوالیفائی کر لیا ۔سوئس کھلاڑی جوہان جورو نے خود اپنے خلاف گول کے ذریعے پرتگال کو برتری دلائی جسے آندرے سلوا نے پرتگال کیلئے دوسرا گول کرکے دگنا کیا اور اسی اسکور پرمیچ 0-2سے پرتگال کے حق میں اختتام کو پہنچا۔برازیل نے چلی کو0-3سے شکست دے کر میگا ایونٹ میں شرکت سے روک دیا ۔ برازیل پہلے ہی کوالیفائی کرچکا ہے۔

شیئر: