سفارتخانہ اپنے فرائض انتہائی حب الوطنی سے ادا کررہاہے
ریاض(جاوید اقبال) بزم اقبال ریاض کے صدر عدنان اقبال بٹ نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ارم قلبانی کی مملکت سے مستقل روانگی سے شہر کی سماجی اور فلاحی تقریبات میں ایک ناقابل تلافی نقصان کا احساس ہوگا۔ وہ جمعہ کی سہ پہر اپنی طرف سے موصوفہ کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے میں اردونیوز سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ ظہرانے سفارتخانہ پاکستان کے ائیر و نیول اتاشی گروپ کیپٹن ارشد مختار اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ کے علاوہ عمائدین شہر اور ان کے اہلیان خانہ کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ عدنان اقبال بٹ نے کہا کہ ڈاکٹر ارم قلبانی نے اپنے ادبی ذوق کی بدولت ادبی تقریبات میں ایک قابل احترام مقام حاصل کر لیاتھا۔ علاوہ ازیں تارکین وطن کو صحت و بہبود کے امور پر آگہی کے پروگرام منظم کرتی تھیں۔ انہوں نے مہمان خصوصی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ کینیڈا میں بھی جہاں ان کااگلا پڑاﺅ ہو گا وہ پاکستانی تارکین میں بہت جلد مقبول ہو جائیںگی۔ ڈاکٹر ارم قلبانی نے میزبان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریاض میں مقیم پاکستانی اور ان کی محفلیں انہیں ہمیشہ یاد رہیں گی۔ انہوں نے سفیر پاکستان اور سفارتخانے کے اہلکاروں کی تعریف کی اور واضح کیا کہ مملکت میں ایک بڑی پاکستانی کمیونٹی ہونے کے باوجود وہ اپنے فرائض منصبی انتہائی حب الوطنی سے ادا کر رہے ہیں۔