کویت میں عظیم الشان فکری کانفرنس
اتوار 22 اکتوبر 2017 3:00
پاکستان تاقیامت قائم رہنے کیلئے بنا ہے،کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے پاکستان کا امیج خراب ہو،صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن
چوہدری کرم حسین باؤگجر،میاں محمد عرفان اور کویت میں سماجی و دینی تقریبات کے کمپیئر حکیم طارق محمود صدیقی نے کویت کے معروف ہوٹل میں فکری کانفرنس منعقد کی، جس میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ سیاسی،سماجی،دینی،ادبی،ثقافتی و صحافتی شخصیات، جن میں محمد عارف بٹ صدر پاکستان بزنس کونسل کویت، رانا منیر احمد صدر پاکستان نیشنل آرگنائزیشن کویت،(سابق ممبر اوپیک)حافظ محمد شبیرصدر پاکستان بزنس سینٹر، اشتیاق ملک صدر پاکستان بزنس ایسوسی ایشن کویت، میاں محمد ارشد صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) کویت، ماجد علی چوہدری پاکستان انگلش اسکول حولی، آصف جمال چیئرمین پاکستان یونائٹڈ ویلفیئر آرگنائزیشن کویت، محمد عتیق الرحمان صدر بزنس کلب کویت، ڈاکٹر جہانزیب عثمان صدر عوامی نیشنل سینٹر کویت،ملک طالب حسین صدیقی نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) کویت، سرور بٹ بزنس مین، محمد زبیر شرفی صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) لیبر ونگ کویت،ملک حبیب الرحمان،سید صداقت علی ترمذی جنرل سیکریٹری پاکستان تحریک انصاف کویت،حاجی ریاض انجم تحریک انصاف کویت،صفدر علی صفدرصدر انجمن ارباب فکروفن کویت،بدر سیماب جنرل سیکریٹری انجمن ارباب فکر وفن کویت، میاں محمد فاروق انجمن غلامان رسول کویت، خالد رشید چوہدری صدر اے جی آر،شہزاد احمد صدر پاکستان نعت و قرأت کونسل کویت،خالد نور،عابد ملک صدر پاک میڈیا،عاطف صدیقی پاکستانیز اِن کویت،خالد رشید،سعود قمر،احسان کھرل،اعجاز ورک،اشرف باجوہ،ڈاکٹر زبیر قادری،سلیم گجر،ناظم گجر،صوفی محمد اکرم معصومی،طارق اقبال ووپ میڈیا،نیازعابد چوہدری،ندیم اکبر،جنید سرور بھٹی،طارق علی محسن آغاز نیوز،فیاض چوہدری صدر پاکستان ویلفیئر سوسائٹی کویت کے علاوہ ہر مکتب فکر اور زندگی کے ہر شعبہ سے منسلک حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے پیر بادشاہ صاحب شریک ہوئے۔ کانفرنس کیلئے اسٹیج کو خصوصی طور پر بنوایا گیاتھا۔ہال میں داخل ہوتے ہی مہمانانِ گرامی اسٹیج اور پنڈال کی خوبصورتی کو دیکھ کر ورطہ حیرت میں ڈوب جاتے اور منتظمین کیلئے تحسینی کلمات کہتے ہوئے نہ شرماتے۔
مہمان خصوصی صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن سروری قادری جب کانفرنس ہال میں پہنچے توان کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ انہیں گلدستے پیش کئے گئے۔حکیم طارق محمود کانفرنس کے کمپیئر تھے۔ انہوں نے معزز مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا اورمہمان خصوصی صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن سروری قادری کو اسٹیج پر مدعو کیا۔ان کیساتھ محمد عارف بٹ، رانا منیر احمد،اشتیاق ملک،آصف جمال،عتیق الرحمان،کرم حسین باؤ گجر اور میاں محمد عرفان کو بھی اسٹیج پر بلایا گیا۔
صحیفۂ عظیم قرآن مجید برہانِ رشید کی لاریب آیات کی تلاوت کی سعادت حافظ عبدالغفور کے حصہ میں آئی جبکہ معروف نعت خواں شاہد منیر، اعجاز مغل سلطانی اور عاقب اعجاز نے نعت پیش کی۔ممتاز شاعربدر سیماب، خالد سجاد احمداور صفدر علی صفدر نے نذرانۂ سلام پیش کر کے سامعین کے دل موہ لئے۔
حکیم طارق محمود صدیقی نے ختم نبوت کے حوالے سے کہا کہ مسلمان جانِ دوعالم کی ختم نبوت پر کوئی سمجھوتا نہیں کر سکتا،اس لئے اِس حساس معاملے پر احتیاط سے کام لیا جائے۔ انہوں نے جذباتی ہوتے ہوئے کہاکہ ہم ہمارے ماں باپ اور اولاد سرور دوعالم کی ناموس پر قربان ہیں۔ ہم کسی طور پر بھی ناموس رسالت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔
مہمان خصوصی صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن سروری قادری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم مظلوم کے ساتھی بنیں، ظالم کا راستہ روکیںاور نماز کی پابندی کریں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان قیامت تک کیلئے قائم رہنے کیلئے بنا ہے لہٰذا پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کیلئے اپنا اپنا کردار ادا کریں اور کوئی ایسا کام نہ کریں جس سے پاکستان کا امیج خراب ہو۔
صاحبزادہ پیر سلطان فیاض الحسن سروری قادری نے کویت میں مختلف شعبوں میں خدمات پیش کرنے والوں کو تعریفی شیلڈز سے نوازا ،جن میں محمد عارف بٹ کو سماجی خدمات کے اعتراف پر یادگاری شیلڈ سے نوازا گیا۔رانا منیر احمد کو فروغ حمدو نعت کیلئے خدمات پر پیش کی گئی۔محمد آصف جمال،عتیق الرحمان،اشتیاق ملک کو سماجی خدمات پر یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ حکیم طارق محمود صدیقی کو فن نقابت،صفدر علی صفدر،خالد سجاد احمد اور بدر سیماب کو اردو ادب کی ترویج و اشاعت کیلئے خدمات پیش کرنے پر یادگاری شیلڈ پیش کی گئی اور شاہد منیر اورعاقب اعجاز کو نعت رسول مقبول پیش کرنے پر لوحِ اعزاز سے نوازا گیا۔
کانفرنس کے اختتام پر پاکستان اور کویت کی سلامتی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔