انٹرنیشنل ا سکول آف پاکستان کویت میں آرٹسٹک فیئر کا اہتمام
جماعت اول تا پنچم کے طلبہ نے کارڈ نویسی، ری سائیکلنگ، معاشرتی علوم، کمپیوٹر سائنس اور زبان کے موضوعات پر حصہ لیا
کویت:انٹرنیشنل اسکول آف پاکستان کویت اپنی شاندار تعلیمی و تدریسی کارکردگی کے ساتھ ساتھ نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں کا بھی حامل رہا ہے۔ گزشتہ برسوں کی طرح امسال بھی پرائمری سیکشن کے طلبہ نے آرٹسٹک فیئر کا اہتمام کیا، جس میں جماعت اول سے پنجم تک طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ اس فیئر کے لئے تمام کلاسز کے طلبہ کو الگ الگ موضوعات دیئے گئے تھے جس میں جماعت اول (کارڈ نویسی)، جماعت دوم (ری سائیکلنگ)، جماعت سوئم (معاشرتی علوم)، جماعت چہارم (کمپیوٹر سائنس) اور جماعت پنجم (زبان) کے لئے موضوعات کا انتخاب کیا گیا تھا۔
آرٹسٹک فیئر میں طلبہ ا ور اساتذہ کی محنت قابل دید تھی، جس میں تمام اساتذہ بہت محنت اور جانفشانی سے طلبہ کی غیرنصابی تعلیم و تربیت میں حصہ لیتے ہیں۔تقریب میںا سکول کی ہر دلعزیز ڈائریکٹر محترمہ نادیہ الحفیتی نے گہری دلچسپی سے حصہ لیا اور طلبہ کی کارکردگی کو بہت سراہا۔ اسکے علاوہ اسکول کے سینیئر سیکشن کے پرنسپل انجم مسعود، پرائمری سیکشن کی پرنسپل محترمہ بشریٰ کرامت، وائس پرنسپل نادیہ محمد ارشد و دیگر اساتذۂ کرام نے بھی شرکت کی۔
آرٹسٹک فیئر کا تمام تر انتظام اسکول کی کریٹو ٹیم نے نہایت لگن سے محترمہ نادیہ محمد ارشداور محترمہ عذرا رباب کی زیر نگرانی کیا۔ تقریب میں طلبہ کے والدین کو خاص طور پر مدعو کیا گیا تھاجنہوں نے تمام طلبہ کی حوصلہ افزائی کی۔
تقریب کے اختتام پر ڈائریکٹر محترمہ نادیہ الحفیتی اور سینیئر سیکشن کے پرنسپل انجم مسعود نے طلبہ کی کارکردگی کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ ساتھ بچوں کی صلاحیتوں میں نکھار آتا جارہا ہے جو کہ صحت مند معاشرے کی نشانی ہے۔ یہی بچے قوم کے معمار ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ بچے ایسے پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ مقابلے کا جذبہ پیدا ہو جو زندہ قوم کی نشانی ہے۔
آخر میں تقریب میں شریک طلبہ وطالبات کو اعزازی اسناد دی گئیں۔