Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آخری ون ڈے آج ہوگا، سرفراز الیون کیلئے کلین سویپ کا موقع

شارجہ:پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے سیریز کا آخری میچ 23اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم کو 5میچوں کی سیریز میں0-4کی برتری حاصل ہے ۔ میزبان ٹیم آج فتح کی صورت میں سری لنکا کو کلین سویپ کرنے میں بھی کامیاب ہو جائے گی۔ پاکستانی ٹیم نے سری لنکا کو ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں بھی شکست دے دی تو یہ ایسی چھٹی سیریز ہوگی جس میں پاکستانی ٹیم اپنے حریف کو 0-5 سے ہرانے میں کامیاب ہوئی۔سرفراز احمد کے پاس سنہری موقع ہے کہ وہ اس تاریخی کامیابی کے ساتھ اپنا نام وقار یونس،انضمام الحق اور شعیب ملک کے ساتھ ریکارڈ بک میں درج کرا سکیں۔ انضمام اور شعیب ملک کی قیادت میں ٹیم 2،2مرتبہ حریف ٹیموں کو 0-5سے ہرانے میں کامیاب ہو چکی ہے۔ پاکستان نے پہلی مرتبہ 2002 ءکے دورہ زمبابوے میں 0-5سے کامیابی سمیٹی تھی۔ وقار یونس کی قیادت میں ٹیم نے ایلسٹرکیمبل کی کپتانی میں کھیلنے والی میزبان ٹیم کوتمام5 ون ڈے میچوں میں ہرایا تھا۔دوسری مرتبہ 2003 ءمیں انضمام الحق کی قیادت میں ہوم گراونڈ پر ٹیم نے بنگلہ دیش کو 5ون ڈے میچوں میں ہرایا تھا ۔ اسی سال انضمام الحق کی قیادت میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم نے ہوم سیریز0-5سے جیتی تھی۔پاکستان نے چوتھی مرتبہ 5ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کے تمام میچ زمبابوے کے خلاف 2008 ءکی ہوم سیریز میں جیتے اور اسی سال ہوم سیریز میں بنگلہ دیش کو بھی پاکستان ٹیم نے ایک مرتبہ پھر0-5سے شکست دی تھی۔ ان دونوں سیریز میں قیادت کے فرائض شعیب ملک انجام دے رہے تھے۔اس کے برعکس ون ڈے سیریز کے تمام5 میچوں میں شکست کے واقعات پاکستان کرکٹ ٹیم کیساتھ دو بار پیش آچکے ہیں اور پہلی مرتبہ 1988ء کے دورہ ویسٹ انڈیز میں عمران خان کی قیادت میں کھیلنے والی ٹیم کو سر ویوین رچرڈز کی کالی آندھی کے خلاف ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔2010 ءمیں محمد یوسف کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا میں کھیلے گئے پانچوں ون ڈے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شیئر: