سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے منگل کو جدہ میں انڈین وزیراعظم نریندر مودی کا خیرمقدم کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق جدہ کے قصر السلام میں وزیر اعظم نریندر مودی کے لیے سرکاری استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
بعد ازاں سعودی ولی عپد اور انڈین وزیر اعظم نے باضابطہ ملاقات کی۔
قبل ازیں انڈین وزیر اعظم جدہ پہنچے تو کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا استقبال نائب گورنر مکہ شہزادہ سعود بن مشعل بن عبد العزیز نے کیا۔
استقبال کرنے والوں میں وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی، جدہ کے کمشنر صالح بن علی الترکی، جدہ پولیس کے سربراہ جنرل صالح الجابری ، انڈیا میں قائم مقام سعودی سفیر احمد الاحمری اور ریاض میں انڈین سفیر سہیل اعجاز خان شامل تھے۔
سعودی عرب کی حدود میں داخل ہوتے ہی سعودی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے نریندر مودی کے طیارے کو حصار میں لے لیا۔
وزیراعظم نریندر مودی کے آفس سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق انڈیا سعودی عرب کے ساتھ اپنے طویل تاریخی تعلقات جن میں حالیہ برسوں کے دوران سٹریٹجک تعاون بھی بڑھا ہے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’دونوں ممالک نے مل کر باہمی اور مفید شراکت داری قائم کی ہے۔‘
واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کا 2016 اور 2019 کے بعد یہ تیسرا دورۂ سعودی عرب ہے۔ انڈین وزیراعظم کو اس دورے کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دی ہے۔
وزیراعظم کے آفس کے مطابق اپنے دو روزہ دورے کے دوران نریندر مودی انڈین کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملیں گے۔
توقع ہے کہ اُن کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔