اسلام آباد... سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف ہی پارٹی کی قیادت کررہے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ ٹوئٹر پر بیان میں انہوں نے کہا کہ شریف خاندان میں ایسا کوئی بھی فیصلہ نہیں ہوا۔پارٹی قیادت کی خواہشمند نہیں۔کا رکن کے طور پر کام کرکے خوش ہوں۔ خاندان کے کہنے پر پارٹی قیادت سنبھالنے کا بیان غلط منسوب کیا گیا۔واضح رہے کہ امریکی اخبار کو انٹرویو میں مریم نوازنے کہا تھا کہ سب سے پہلے میرے دادا نے مجھے خاندانی امور میں اہم مقام دیا۔ دادا کے بعد والد نے بھی سیاسی قابلیت کو سراہا۔ خاندان کا فیصلہ تھا کہ میں پارٹی سنبھالوں۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی یا خاندان میں اختلافات کی باتیں بے بنیاد ہیں۔ وزیراعلیِ پنجاب شہباز شریف میرے ہیرو ہیں۔ اپنی زندگی سے بڑھ کر اپنے چچا کو چاہتی ہوں۔ انہوں نے کہاکہ مقدمے سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے،جو انتقامی کارروائیاں ہیں۔ ان سے خوفزدہ نہیں ۔جیلیں، نااہلی، نظر بندیاں اور عدالتی مقدمات سب دیکھ لئے ۔ انجام کی کوئی فکر نہیں۔خدشات کو خاطر میں لائے بغیر حالات کا مقابلہ کروں گی ۔ پتہ نہیں کل مقدر میں کیا ہو مگر مجھے عوام میں جانا ہے ۔آئندہ انتخابات سے متعلق انہوں نے کہا کہ لاہور کے ضمنی انتخاب میں فتح دلیل ہے کہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میری ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ میرے مشورے اور تنقید والد تحمل سے سن لیتے ہیں۔ ایک سوا ل پر انہوں نے کہا کہ اچھی قسمت تھی کہ چھوٹی عمرمیں شادی ہوئی، تمام وقت بچوں کی پرورش پرصرف کیا۔ اب میرے پاس اپنے کام کے لئے زیادہ وقت ہے۔ بچے چھوٹے ہوتے توایسا نہ کرپاتی۔