Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمپنیوں کے شعبوں کا درست اندراج مقررہ وقت میں کر ایا جائے ، اباالخیل

ریاض ..... وزارت محنت و سماجی بہبود آبادی کے ترجمان خالد ابا الخیل نے کہاہے کہ کمپنیوں اور اداروں کے مالکان مقررہ مد ت کے اندر اپنے شعبوں کا درست اندراج کروالیں ۔ مدت ختم ہونے کے فوری بعد تفتیشی کارروائیاں شروع کر دی جائیں گی ۔ سبق نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اباالخیل نے مزید کہا کہ وزارت محنت کی جانب سے اداروں کے مقررہ شعبوں کی درستی کےلئے ویب سائٹ www.mlsd.gov.sa لانچ کی گئی ہے جس پر لاگ ان کرکے کمپنیوں کے شعبوں کا درست اندراج کروایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ مملکت میں کام کرنے والی کمپنیوں او ر اداروں کی جانب سے متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ کی گئی ہیں جن میں اکثر انکے شعبوں سے متعلق ہیں ۔ایسے ادارے جنہوں نے وزارت محنت میں اپنے شعبوں کا اندراج کروایا ہے مگر وہ اس کے مطابق کام نہیں کرتے وہ خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں ۔ ایسے اداروں کو وزرات محنت کی جانب سے مہلت دی گئی ہے جو آئندہ ماہ ختم ہو جائے گی جس کے بعد تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کیاجائیگا۔ایسے ادارے جو اپنے مقررہ شعبوں کے مطابق کام نہیں کرتے اور انہو ںنے مقررہ مہلت کے دوران اپنے شعبوں کی درستگی نہیں کروائی مہلت کے بعدانکے کمپیوٹر بند کردیئے جائیں گے ۔ وزارت کے ترجمان نے مزید کہا کہ شعبوں کی درستگی کے لئے اگر ویب سائٹ پر دشواری پیش آئے تو درخواست گزار اپنے نکات وزارت محنت کے ذیلی ادارے میں جمع کروا سکتا ہے تاکہ دوران تفتیش اعتراض پیش کیاجاسکے بصورت دیگر اس کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ اباالخیل نے مزید کہا کہ وزار ت محنت کی تفتیشی ٹیموں کو تشکیل دیاجاچکا ہے جن کہ پاس تمام وسائل موجود ہیں جن کے ذریعے وہ خلاف ورزیوں کا ریکارڈ حاصل کرکے تادیبی کارروائی کریں گے ۔ مقررہ مہلت ختم ہونے کے بعد فوری طور پر تفتیشی کارروائیوں کا آغاز کیاجائیگا ۔ 

شیئر: