کراچی... بلدیہ کراچی کے ڈپٹی مئیر ارشد وہرہ بھی پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے۔ پی ایس پی کے رہنما انیس قائم خانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ا نہوں نے شمولیت کا اعلان کیا۔ انیس قائم خانی نے اتوار کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی میئر ارشد وہرہ آج ہمارے وطن پرستی کے قافلے میں شامل ہو گئے۔اب ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار اپنی بات پر قائم رہتے ہوئے ارکان اسمبلی اور سینیٹرز کے استعفی پیش کریں۔ پاک سرززمین پارٹی ان نشستوں پر ضمنی انتخاب میں حصہ لے گی ۔اس موقع پر ارشد وہرہ نے کہا کہ کراچی کے عوام کے ساتھ وعدے پورے نہیں کئے۔ اختیارات اور وسائل نہ ہونے کا رونا روتے رہے۔ ایک سال تک صبر کیا لیکن قیادت کے پاس ویژن ہی نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال نے اس شہر میں ڈیلیور کیا تھا ۔انہو ں نے ایک مثال چھوڑی تھی لیکن ہم اپنی ذمہ دری پوری نہیں کرسکے ۔عوام کے مجرم ہیں اس لئے ذمہ داری چھوڑ دی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ کسی دباو پر پی ایس پی میں شامل نہیں ہوا اور بھی بڑے نام پی ایس پی میں شامل ہونے کے لئے تیارہیں اور وہ جلد شمولیت کا اعلان کریں گے۔