کرم فرماﺅں سے دور جانے کا غم ہے ، کمیونٹی کے ہر ہر فرد کا شکر گزار ہوں ، غزل گائیک
جدہ ( امین انصاری )استاد نظام علیخان نے حیدرآبادی کمیونٹی کے ایک ایک فرد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کمیونٹی نے ڈاکٹر سید علی محمود کی قیادت میں اس حقیر کا " جشن " منعقد کرکے ان کے حوصلوں کو جلا بخشی ہے ۔ 1993 ءمیں اسی کمیونٹی نے شریف اسلم اور ڈاکٹر سید علی محمود کی قیادت میں میرا جشن نظام علی منعقد کیا تھا۔ میں نے اپنی گائیکی کو سیکھنے کےلئے فن موسیقی کے 4 بڑے استادوں کے سامنے زانوئے تلمذ طے کیا تب کہیں جاکر یہ فن گائیکی اور موسیقی کا کچھ حصہ حاصل کرسکا۔انہوں نے کہا کہ اب جبکہ میں مستقل طورپر وطن جارہا ہوں تو اپنے ہم وطنوں اور میرے فن کے چاہنے والوں سے التماس کرونگا کہ وہ میری چھوٹی ، بڑی خطاﺅں کو معاف کریں اور اپنی دعاﺅں میں ضرور یاد رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پوری دنیا میں پروگرام کئے اور دولت و شہرت اور عزت پائی لیکن اہل جدہ سے میں پیارمحبت اور بھائی چارگی کا سبق لے کر جارہا ہوں ۔مجھے اپنوں میں جانے کی جتنی خوشی ہے، اس کہیں زیادہ مجھے اپنے کرم فرماﺅں سے بچھڑنے کا غم ہے ۔نظام علیخان نے کئی گھنٹے تک غزلیات سناکر محفل کو گرما دیا اور اہل جدہ کے دلوں میں اپنی چھاپ چھوڑ گئے ۔