مجلس شوریٰ نے انسداد دہشت گردی قانون کی منظوری دیدی
ریاض..... سعودی مجلس شوریٰ نے دہشت گردی اور اس کی مالی اعانت کے جرائم کے انسداد کے قانون کی منظوری دیدی۔ پیر کو شوریٰ کا اجلاس معاون صدر ڈاکٹر یحییٰ الصمعان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ امن کمیٹی کے نائب سربراہ عطا السبیتی نے مذکورہ قانون کے مسودہ کی بابت رپورٹ پیش کی۔ قانون مذکورہ کی دفعہ 17 پر خصوصی بحث ہوئی۔ ارکان شوریٰ نے بحث کے بعد قانون کی منظوری دیدی۔ سعودی کابینہ حتمی منظوری آج کے اجلاس میں دے گی۔ قانون مذکور کی بعض دفعات کی بابت شوریٰ کے ارکان اور کابینہ کے نقطہ نظر میں اختلاف پیدا ہوگیاتھا۔ شوریٰ میں امن کمیٹی کے سربراہ عبداللہ السعدون نے الشرق الاوسط سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور اس کی اعانت کے جرائم کے انسداد کا قانون دنیا بھر میں بہترین قانون ہے اس کے تحت دہشت گردی کی بیخ کنی کی گئی ہے اور دہشت گردی کی مالی اعانت کو جرم قرار دیاگیاہے۔ علاوہ ازیں قانونی ، انسانی ، شرعی پہلوﺅں کو مدنظر رکھ کر سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔ سعودی عرب انسداد دہشت گردی کی مہم چلانے والے ممالک میں سرفہرست تھا اور اب بھی ہے۔ سعودی عرب سیکیورٹی اداروں ، قانون سازی اور اس سلسلے کے قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے اپنا کردار احسن شکل میں انجام دے رہا ہے۔