جدہ..... مڈل کلاس کے 15سالہ سعودی طالب علم فہد الاسمری نے ناداروں کو اپنی دکان سے مفت سبزیاں حاصل کرنے کا اعلان کر کے سوشل میڈیا پر پذیرائی کا زبردست ریکارڈ بنا لیا۔ الاسمری نے اپنے گھر والوں کے تعاون و اشتراک و حوصلہ افزائی پر تعلیمی اخراجات پورے کرنے کیلئے سبزی کا معمولی سا کاروبار شروع کیاتھا۔ اب اس کا شمار جدہ کے بڑے سبزی فروشوں میں ہونے لگا ہے۔ جدہ میں محکمہ تعلیم کے ڈائریکٹر جنرل عبداللہ الثقفی نے الاسمری کے اعزاز میں تقریب منعقد کی۔ انہو ںنے کہا کہ الاسمری انسانیت نواز تعمیری کام کر کے اعلیٰ اقدار راسخ کر رہا ہے۔ آزاد کاروبار کے پہلو بہ پہلو ناداروں کی مدد میں بھی پیش پیش ہے۔ الاسمری نے بتایا کہ ایک دن ایک بزرگ اس کی دکان پر آئے ۔ انہوں نے سبزیاں خریدتے وقت کہا کہ میرے پاس پیسے نہیں ہیں۔ الاسمری نے انہیں ان کی ضرورت کے مطابق سبزیاں مفت پیش کر دیں۔ اگلے دن اپنی دکان پر ایک بورڈ لگایا جس پر تحریر تھا۔ پیارے بھائی ! اگر آپ کے پاس پیسے نہ ہوں تو بلاجھجک اپنی ضرورت کے مطابق سبزیاں لے لیں، اپنے گھروالوں کو بھوکا نہ چھوڑیں۔ میرا اور آپ کا رزق اللہ کے ذمے ہے۔ الاسمری نے سبزیاں گھر پہنچانے کے لئے موبائل نمبر بھی تحریر کر دیا۔ سوشل میڈیا پر الاسمری کے اس جرات مندانہ اور فیاضانہ اقدام کو سراہا جا رہا ہے۔