Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آدھار کارڈ ملک کیلئے خطرہ ہے، سبرامنیم سوامی

نئی دہلی۔۔۔بی جے پی  کے سینیئر لیڈر  و راجیہ سبھا کے رکن  سبرامنیم سوامی نے کہا ہے  کہ  آدھار کارڈ ملک کیلئے خطرہ  بن چکا ہے اور وہ اس معاملے کو وزیراعظم کے ساتھ اٹھائیں گے۔  انہوں نے منگل کو  اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ  آدھار کارڈ کو تمام  سرکاری خدمات سے  مربوط یا لازمی کردینا  حکومت کا درست اقدام نہیں ہے۔  اس سے  سیکیورٹی مسئلہ  پیدا ہوگیا ہے۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ  وزیراعظم مودی کو  آدھار کارڈ سے پیدا ہوئے خطرات  کی تفصیلات  کے ساتھ  ایک مکتوب بھی روانہ کریں گے تاکہ انہیں  خطرات  سے قبل از وقت آگاہ کردیا جائے۔  سبرامنیم سوامی نے  ٹوئٹ میں یہ بھی کہا کہ  تمام سرکاری  خدمات کو  آدھار  کارڈ سے جوڑنے کے حکومتی فیصلے  کیخلاف  پٹیشن سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ انہیں یقین ہے کہ  عدالت عظمیٰ حکومت کے فیصلے کو  مسترد کردے گی کیونکہ  یہ معاملہ  نیشنل سیکیورٹی سے بھی  متعلق ہے۔  سپریم کورٹ نے  پیر کو ہی  آدھار کارڈ کو لازمی قرار دینے کے  مرکزی حکومت کے فیصلے کیخلاف  دائر کی گئی پٹیشنوں  پر  سماعت کیلئے پانچ ججوں کی آئینی بنچ کی تشکیل کی ہے۔  سوامی کا یہ بیان تشکیل کے ٹھیک دوسرے دن سامنے آیا ہے۔  پیر کو  مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کرتے ہوئے  کہا تھا کہ  اس معاملے میں بات کرنے کو  وہ تیار ہے۔  حالانکہ حکومت نے تمام ضروری  خدمات کو آدھار سے مربوط کرنے کی آخری تاریخ  بڑھا کر 31 مارچ 2018 ء کردی ہے لیکن سپریم کورٹ نے ایک پٹیشن پر سماعت کے دوران  مرکز سے  دریافت کیا ہے  کہ یہ بات سمجھائی جائے کہ موبائل فون کو آدھار کارڈ سے  مربوط کرانا کیوں ضروری ہے۔ اس سلسلے میں  اس نے  مرکز کو  نوٹس بھی جاری کیا ہے جس میں چار ہفتے کے اندر  جواب مانگا  گیا ہے۔  واضح رہے کہ  ریزرو بینک نے  21 اکتوبر کو واضح کیا تھا کہ تمام  کھاتہ داروں کو اپنے اپنے بینک اکاؤنٹس سے  آدھار کارڈ کو مربوط کرانا لازمی ہے جس کیخلاف  ایک علیحدہ پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ 
 

شیئر: