فٹبال چیمپئنز لیگ: روما کے الشراوی کاتیز ترین گول ،0-3سے فتح
روم:چیمپیئنز لیگ کے میچ میں انگلش کلب چیلسی کو اطالوی کلب روما کے ہاتھوں0-3سے شکست کی خفت برداشت کرنا پڑی۔ روم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں مہمان ٹیم کو گول کرنے کا کوئی موقع بھی نہیں ملا جبکہ میزبان ٹیم کے کھلاڑی اسٹیفن الشراوی نے 2گول کئے جن میں سے ایک چیمپیئنز لیگ کے اس سیزن کاتیز ترین گول بھی شامل تھا جوالشراوی نے38 سیکنڈز میں اسکور کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تھی۔ چیلسی کے کھلاڑی میچ برابر کرنے کی جدو جہد میں تھے کہ الشراوی نے دوسرا گول کرکے یہ برتری مزید مستحکم کر دی۔انہوں نے دوسرا گول کھیل کے 36ویں منٹ میں کیا۔اس گول میں چیلسی کے اسٹرائیکر اینتونیو روڈیگر کی غلطی شامل تھی جس کا اطالوی کھلاڑی نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔دوسرے ہاف میں روما کے فارورڈ ڈیگو پیروٹی نے تیسرا گول کرکے رہی سہی کسر پوری کر دی۔ انہوں نے 20 میٹر کے فاصلے سے شاندار کک لگا کرگیند کو گول میں پہنچایا جبکہ گول کیپر کو اپنی جگہ سے ہلنے کا موقع بھی نہیں مل سکا۔ اس ناکامی سے چیلسی کی ٹیم لیگ کے گروپ بی میں دوسری پوزیشن پر چلی گئی ہے جبکہ روما کی ٹیم گروپ میں پہلے نمبر پرہے۔