انڈر 17 فٹبال کپ:انگلینڈ، اسپین کو ہرا کر عالمی چیمپیئن بن گیا
اتوار 29 اکتوبر 2017 3:00
کولکتہ:ہندکے شہر کولکتہ میں کھیلے گئے انڈر 17 ورلڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کے فائنل میں اسپین کوہرا کر کامیابی حاصل کرکے انگلینڈ کی ٹیم نے رواں سال مئی میں انڈر17 یورپین چیمپیئن شپ کے فائنل میں شکست کا بدلہ بھی لے لیاانگلینڈ نے یہ مقابلہ 2-5گول سے جیت لیا۔انگلینڈ کی جانب سے مشہور کلب مانچسٹرسٹی کے کھلاڑی فل فوڈین نے دو خوبصورت گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔لیورپول کے کھلاڑی ریان بریوسٹر نے ٹورنامنٹ میں اپنا ساتواں اور میچ کا دوسرا گول کیا اسی طرح مورگن گبز وائٹ اور مارس گیوہی نے اسپین کے مضبوط دفاع کو توڑتے ہوئے قیمتی گول داغ دیا۔دوسری جانب اسپین کے کپتان ابیل روئز نے بارسلونا کے ساتھی کھلاڑی سرجیو گومیز کی مدد سے کھیل کے دسویں منٹ میں گول کیا۔اسپین کی جانب سے دوسرا گول بھی ہسپانوی کپتان کی مدد سے گومیز نے میچ کے 31 ویں منٹ میں کیا۔انگلینڈ کے نوجوان کھلاڑی فل فوڈین کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ انگلینڈ نے رواں سال انڈر 20 ورلڈ کپ اور انڈر 19 یورپین چیمپیئن شپ کے اعزاز بھی جیت رکھے ہیں اور اب انڈر 17 ورلڈچیمپیئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا ہے۔قبل ازیں تیسری پوزیشن کے لئے برازیل اور مالی کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں برازیل نے 2-0 سے کامیابی حاصل کی۔برازیل کو سیمی فائنل میں چیمپیئن انگلینڈ نے شکست سے دوچار کیا تھا۔