Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شیر خوار کی نگہداشت کیسے کریں؟

عام طور پر صحت مند شیر خوار بچے دودھ پینے کے وقفوں میں سونے کے عادی ہوتے ہیں۔ سوتے بچے کو اگر آپ منہ کے راستے سانس لیتے دیکھیں تو آہستگی سے اس کا منہ بند کردیجیے، تھوڑی دیر منہ بند رہنے پر وہ خود بخود ناک کے راستے سانس لینا شروع کردے گا۔
دودھ پلا کر فوراً بستر پر لٹانے کی بجائے آپ اسے کندھوں سے لگا کر کچھ دیر اس کی پیٹھ کو نرمی سے تھپتھپائیے تاکہ اس کے پیٹ کی ہوا خارج ہوجائے، اب وہ چاہے جاگ ہی کیوں نہ رہا ہو اسے آہستہ سے کروٹ کے بل بستر پر لٹا دیجیے اور دوبارہ دودھ پلانے سے نصف گھنٹے پہلے تک ہرگز گود میں نہ لیجیے۔زیادہ دیر تک گود میں لیے پھرنے سے نہ صرف اس کی عادتیں بگڑسکتی ہیں بلکہ اس کے نظام ہضم میں بھی خرابی پیدا ہوسکتی ہے۔
 پیٹ بھر اہونے کے باوجود اگر بچہ خوب گہری نیند نہیں سوتا تو اس کی بے چینی اور بے خوابی کا باعث عام طور پر پیٹ میں درد یا ضرورت سے زیادہ پیٹ کا بھرا ہونا ہوتا ہے۔اس کے علاوہ گندا اور نم آلودہ بستر  ، زیادہ گرمی اور گھر والوں کا لاڈ پیار میں اسے زیادہ اچھالنا اور جھلانا بھی بچے کی بے آرامی کا سبب بن سکتا ہے۔
ابتدائی ہفتوں میں بچے کو ہوادار کمرے میں اور موسم غیر معمولی طور پر خوش گوار ہو تو برآمدے میں سلانا چاہیے۔3،4 ہفتوں کے بعد اسے کھلی ہوا میں لانے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے تاہم بچے کو تیز اور خشک ہوا اور کہر میں باہر نکالنے سے احتراز کرنا چاہیے۔

 

شیئر: