Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف کرسی کے بغیر زیادہ خطرناک ہیں،سعد رفیق

  لاہور .. وفاقی وزیرسعد رفیق نے کہا ہے کہ عمران خان کے ایجنڈے کا پتہ ہے لیکن زرداری صاحب نامعلوم ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں ۔ہفتے کو لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوز شریف بطور وزیراعظم سیاسی مخالفین کے لئے اتنے خطرناک ثابت نہیں ہوسکتے تھے ۔ کرسی کے بغیر زیادہ خطرناک ثابت ہونگے۔یہ بات مخالفین کو سمجھ نہیں آتی۔ وفاقی وزیر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو شخص جلسے کر رہا ہے اسے بہت جلدی ہے لیکن جب الیکشن کا ڈھول پڑے گا تو نتائج سامنے آجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کو سیاست کا آ ئن اسٹائن سمجھا جاتا ہے انہیں بھی مشورہ ہے کہ ہمارے ساتھ مل کر آئین میں ترمیم کرالیں تاکہ الیکشن وقت پر ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو کسی صورت باہمی رابطہ ختم نہیں کرنا چا ہئیں۔سیاست دان یہ کہے کہ میں بات نہیں کروں گا وہ کچھ بھی ہوسکتا ہے لیکن سیاست دان نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک پر قبضہ کرنے والے ڈکٹیٹر گارڈ آف آنر کے ساتھ باہر گئے۔ کسی بھی وزیراعظم کو عزت کے ساتھ نہیں جانے دیا گیا۔ نا انصافی پر بات کریں تو محاذ آرائی کا کہا جاتا ہے۔ اگر محاذ آرائی نہ کرنے کا مطلب منہ پر پٹی باندھنا اور مار کھاتے رہنا ہے تو ایسا نہیں کریں گے۔ نوازشریف تحفظات کے باوجود عدالت میں پیش ہورہے ہیں اور آئندہ بھی پیش ہوتے رہیں گے۔ انہوںنے کہا کہ ہماری قیادت کو ناجائز طور پر شکنجے میں جکڑنے کی کوشش کی جارہی ہے اس میں ناکامی ہوگی۔نواز شریف کو پچھاڑ نے کے چکر میں آئین، قانون ،جمہوریت اور قومی سلامتی سے کھلواڑ خوفناک نتائج لا سکتا ہے۔

شیئر: