واشنگٹن... انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹی گیشن جرنلسٹس (آئی سی آئی جے) نے پانامہ پیپرز جاری کرنے کے ایک سال بعد پیراڈائز پیپرز کے نام سے نئی لیکس جاری کردیں ایک کروڑ 34 لاکھ دستاویزات میں 25 ہزار سے زائد آف شور کمپنیوں اور ٹرسٹ کی تفصیلات شامل ہیں۔ پیراڈائز پیپرز میں جن اہم شخصیات کے نام سامنے آئے ہیں ان میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم شوکت عزیز، ملکہ برطانیہ ، امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن، امریکی وزیرتجارت ولبرروس ،کینیڈا کے3 سابق وزرائے اعظم کے علاوہ موجودہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کے قریبی ساتھی اور اردن کی سابق ملکہ نور شامل ہیں۔سابق وزیر اعظم شوکت عزیز نے وزیر خزانہ بننے سے پہلے امریکہ میں انٹارکٹک ٹرسٹ قائم کیا، جسے برمودا سے چلایا جاتا تھا۔ اہلیہ اور بچے بینیفشری اونر ہیں۔ شوکت عزیز نے بطور رکن اسمبلی اپنے گوشواروں میں اسے ظاہر نہیں کیا تھا۔ نیشنل انشورنس کمپنی کے سابق صدر ایاز خان نیازی نے 2010ءمیں کمپنیاں قائم کیں۔ اس وقت وہ این ای سی ایل کے چیئرمین تھے۔ امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن اور قطری شہزادے حمد بن جاسم کا نام بھی پیراڈائز پیپرز میں آگیا۔ پیراڈائز لیکس میں امریکی صدر کے 13 ساتھیوں کے نام شامل ہیں۔ ان پیپرز میں جن لوگوں کے نام آئے ہیں ان میں سے سب سے بڑی تعداد امریکیوں کی ہے۔شہزاد اسکائی لمیٹڈ کا نام بھی پیراڈائز لیکس میں شامل ہے۔پیراڈائز پیپرز ایک جرمن اخبار نے حاصل کئے اور آئی سی آئی جے سے شیئر کئے۔ ان میں ایک کروڑ 34 لاکھ سے زائد دستاویزات شامل ہیں جن میں 1950 سے 2016ءتک کا ڈیٹا کھنگالا گیا۔پیراڈائز لیکس میں شیرات آئل اینڈ گیس کمپنی کے 3 اکاو¿نٹس بھی سامنے آئے ہیں۔ شیرات آئل اینڈ گیس کمپنی نے ڈی ٹی ایچ کی نیلامی کے لئے بولی دی تھی۔پیراڈائز لیکس میں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کا نام شامل ہے۔ ملکہ الزبتھ نے بھی آف شور کمپنیوں میں سرمایہ کای کی۔ترک وزیر اعظم کے 2 بیٹوں اور اردن کی سابق ملکہ نور اور امریکی گلوکارہ میڈوناکانام شامل ہے۔