کراچی ...سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر شہلارضا نے نصرت سحر عباسی کو بیٹی کہہ دیا۔دلچسپ نوک جھونک بڑھی تو نصرت سحرعباسی نے بھی شہلارضا کو امی جان کہہ دیا۔ سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس کے دوران فنکشنل لیگ کی رہنما نصرت سحر عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پینے کے صاف پانی کیلئے لوگ عرصے سے چیخ وپکار کررہے ہیں۔اسی دوران حکومتی ارکان نے آوازیں کسیں،جس پر نصرت سحر عباسی نے کہا کہ آوازیں نکالنے سے بہتر ہے کہ کوئی اچھا کام کریں۔انہوں نے کہا کہ مسائل پر بات ہورہی ہے لیکن یہاں اسمبلی میں لوگ منجن کررہے ہیں ۔ ڈپٹی اسپیکر نے دلچسپ جواب دیا کہ منجن کرنا کوئی بری بات نہیں۔ صبح صبح منجن کیاجائے تو منہ میں بدبو نہیں رہتی۔ نصرت سحر عباسی نے تبصرہ کیا کہ آپ کرسی پربیٹھ کرغیر جانبدار نہیں رہتیں۔ڈپٹی اسپیکر نے جواب دیا کہ میں بھی اہل زبان ہوں جوبات کریں گے اس طرح کاجواب ملے گا۔ نصرت سحر عباسی نے شکوہ کیا کہ آپ کی رولنگ پر عمل نہیں ہوتا۔ڈپٹی اسپیکر نے بھی برملا جواب دیا کہ بیٹی آپ کی میڈیا کوریج اچھی ہو رہی ہے۔ نصرت سحر عباسی نے کہا کہ امی جان میرا مائیک آن کرادیں۔ شہلارضا نے کہا کہ آپ کا مائیک آن ہے آ پ سوال کریں ۔