ریاض ..... وائٹ ہاﺅس نے ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کے ریاض پر میزائل حملے کی مذمت کردی۔ وائٹ ہاﺅس نے اعلامیہ جاری کرکے واضح کیا کہ حوثیوں نے سعودی عرب پر میزائل حملہ ایران کی شہ پر کیا ہے۔ ایرانی پاسداران انقلاب، حوثیوں کو میزائل سپلائی کرکے علاقائی امن کیلئے خطرات اور مذاکرات کے ذریعے کشمکش ختم کرانے کیلئے کی عالمی مساعی کو سبوتاژ کررہے ہیں۔ اس سے قبل امریکہ نے مطالبہ کیا تھا کہ عالمی برادری ریاض پر حوثیوں کے میزائل حملے کے بعد ایران کے خلاف کارروائی کرے۔ ایران ہی حوثی باغیوں کو سعودی عرب پر حملے کیلئے میزائل فراہم کررہا ہے۔اقوام متحدہ میں متعین امریکی سفیر نکی ہیلی کے حوالے سے اطلاع دی گئی ہے کہ جولائی میں جو میزائل سعودی عرب پر داغا گیا تھا وہ ایرانی ساختہ تھا ۔ یمن میں ”قیام“ نامی میزائل بھی ایرانی ساختہ ہی تھا۔ اسی طرح سعودی عرب نے ہفتے کو ریاض پر داغا جانے والا میزائل جو گرایا ہے وہ بھی ایرانی ساختہ ہی تھا۔ ایرانی پاسداران انقلاب یمن اور ایران سے متعلق2 قراردادوں کی خلاف ورزی کرچکے ہیں۔