کراچی ...ایم کیو ایم پاکستان میں پی ایس پی سے اتحاد کے معاملے پر اختلافات بڑھ گئے۔ متحدہ کے سربراہ فاروق ستار ناراض ہوگئے۔ رابطہ کمیٹی کے ارکان وسیم اختر،کامران ٹیسوری،نسرین جلیل منانے کے لئے ان کی رہائش پر پہنچ گئے تاہم انہوں نے ملنے سے انکار کردیا تاہم بعد میں ملاقات کرکے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق فاروق ستار نے کہا کہ جو فیصلہ کیا اس پر قائم ہوں۔ ڈرامے کرنا نہیں آتے۔ اب جسے ایم کیو ایم چلانی ہے چلالے۔ پریس کانفرنس میں اہم اعلان کروں گا۔ واضح رہے کہ فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔ اجلاس کے بعد کنور نوید نے کہا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کا نام ،منشور اور انتخابی نشان برقرار رہے گا۔