اسلام آباد... سندھ نیشنل فرنٹ ،تحریک انصاف میں ضم ہوگئی۔سندھ نیشنل فرنٹ کے وائس چیئرمین امیر بخش بھٹو اورتحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے معاہدے پر دستخط کردیئے۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی کہاکہ ممتاز بھٹو کے ساتھ کئی ماہ سے بات چیت جاری تھی ۔ سندھ نیشنل فرنٹ کا تحریک انصاف میں ضم ہونا ہماری وفاقی سوچ کا ثبوت ہے ۔ سندھ نیشنل فرنٹ نے تحریک انصاف کی شرائط تسلیم کر لیں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مل کر سندھ کے مسائل حل کرنے کی جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی بہت سی قدآور شخصیات سے ہماری بات چیت چل رہی ہے۔ سندھ کے عوام موجودہ حکمرانوں سے تنگ آ چکے ہیں۔سندھ نیشنل فرنٹ کے رہنما امیر بخش بھٹو نے دعویٰ کیا کہ تحریک انصاف ہی وہ واحد جماعت ہے جو تبدیلی لا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت سندھ میں بہت بڑا خلا موجود ہے۔ گزشتہ انتخابات میں پیپلز پارٹی مخالف ووٹ زیادہ پڑے۔ پیپلزپارٹی کے مخالف ووٹ تقسیم ہو گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ انضمام کا فیصلہ سوچ سمجھ کر کیا۔ تحریک انصاف کے سواتمام جماعتیں مفاد پرست ہیں۔واضح رہے کہ گورنر سندھ مقرر نہ کئے جانے پر ممتاز بھٹو اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔