Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سفیر ڈی پورٹ، پاکستان کا امریکی حکام کے ساتھ معاملہ اٹھانے کا فیصلہ

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستانی سفیر نجی دورے پر لاس اینجلس ایئرپورٹ پہنچے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ ترکمانستان میں تعینات پاکستانی سفیر کے کے احسن وگن کو امریکہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی اور انہیں لاس اینجلس ایئرپورٹ سے ڈی پورٹ کر دیا گیا۔
منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے اردو نیوز کو بتایا کہ پاکستانی سفیر ایک نجی دورے پر امریکہ کے لاس اینجلس ایئرپورٹ پہنچے تھے، تاہم امریکی حکام نے انہیں داخلے سے روک دیا اور واپس بھیج دیا گیا۔
’پاکستانی حکام اس معاملے کو امریکی حکام کے ساتھ اٹھا رہے ہیں، تاکہ اس کی وجوہات معلوم کی جا سکیں اور سفارتی سطح پر اس معاملے کو حل کیا جا سکے۔‘
سفارتی ذرائع کے مطابق، سینیئر پاکستانی سفیر پر امریکہ میں اپنی سابقہ تعیناتی کے دوران انتظامی بدعنوانی کی شکایات تھیں، اور انہی شکایات کی بنیاد پر انہیں امریکہ میں داخل ہونے سے روکا گیا۔
اگرچہ ان کے پاس امریکی ویزا اور قانونی سفری دستاویزات موجود تھیں، لیکن اس کے باوجود انہیں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی، جس سے یہ معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔
پاکستان نے اس پیشرفت کے بعد معاملے کو سفارتی سطح پر زیرِ بحث لانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ پاکستانی حکام اس فیصلے کے پیچھے اصل وجوہات جان سکیں اور مستقبل میں ایسی کسی ممکنہ صورتحال سے بچا جا سکے۔

شیئر: