پیانگ یانگ ۔ ۔۔شمالی کوریا نے جزیرہ نما کوریا کے ارد گرد فوجی طاقت میں اضافے کے امریکی اقدامات کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس خطرناک صورتحال کے حل کی مکمل ذمہ داری امریکہ پر عائد ہو گی۔کورین ورکرز پارٹی کے ترجمان اخبار رودونگ سنمن نے اپنے ایک اداریے میں دوبارہ امریکہ پر تنقید کی ۔ اس نے امریکہ کو جنوبی کوریا میں اور اس کے ارد گرد جوہری طاقت سے چلنے والے طیارہ بردار جہازوں اور دیگر مہلک اسلحے کی تنصیب کے ذریعے خطرناک صورتحال پیدا کرنے کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔اخبار نے لکھا ہے کہ جب تک امریکہ اپنی مخاصمانہ پالیسی، اور شمالی کوریا کیخلاف جوہری خطرے کو ختم نہیں کرتا، تب تک شمالی کوریا کو بھی اپنے دفاع کیلئے جوہری قوت کے ذریعے اس کا جواب دینے کا حق حاصل ہے۔ اخبار کے مطابق یہ شمالی کوریا کا بنیادی موقف ہے جو تبدیل نہیں ہوگا۔