نئی دہلی۔۔۔جی ایس ٹی کے خلاف عوام میں بڑھتی ناراضگی اور گجرات اسمبلی انتخابات میں اپنے امکانات پر کاری ضرب لگنے کا خدشہ محسوس ہوتے ہوئے بی جے پی نے آخر کار اپنے گھٹنے ٹیک دئیے ہیں اور متعدد مصنوعات کو 28 فیصدٹیکس زمرہ سے باہر کر دیا ہے۔ آسام کے دارالخلافہ گوہاٹی میں جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس کے دوران کئی فیصلوں کے ساتھ یہ فیصلہ بھی لیا گیا ہے کہ اب 28 فیصد ٹیکس زمرہ میں صرف 50 مصنوعات ہی رہیں گی۔ پہلے 28 فیصد زمرہ میں کل 227 مصنوعات شامل تھیں۔ کونسل نے 177اشیا کو 28فیصد کے زمرے سے باہر کر دیاہے۔جی ایس ٹی کونسل کے اجلاس سے قبل جیٹلی نے کہا تھا کہ کچھ مصنوعات پر 28 فیصد ٹیکس کی شرح نہیں ہونی چاہئے اور پچھلی تین چار میٹنگوں میں جی ایس ٹی کونسل نے 100 مصنوعات پر جی ایس ٹی کی شرح میں کمی کی ہے۔ اس کے تحت ٹیکس کی شرح 28 فیصد کو 18 فیصد اور 18 فیصد کو 12 فیصد کی شرح پر لایا گیا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس سے تاجر برادری میں خوشی و انبساط کی لہر دوڑ گئی لیکن سیاسی حلقوں میں یہ سوال کیا جا رہا ہے کہ کیا یہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں ہے؟