لندن..... سائٹرس پھلوں میں شمار ہونے والا سنترہ اپنی گوناگوں خوبیوں کی وجہ سے کافی مقبول و مشہور ہے اور یورپ اور دنیا کے مختلف علاقوں میں بیشتر لوگ صبح کا آغاز اسی کے جوس سے کرتے ہیں۔ ا ب تازہ ترین تحقیقی رپورٹ نے اسکی اضافی افادیت ثابت کردی ہے۔تقریباً10 ہزار افراد سے مرتب کردہ سروے رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ چونکہ سنترا وٹامن سی کا خزانہ ہوتا ہے اس لئے یہ کولہوں کی ہڈیوں کو محفوظ رکھتا ہے اور اس میں دراڑیں نہیں پڑتیں جبکہ اسکے استعمال سے ہڈیوں کے گودے بھی محفوظ رہتے ہیں۔ نئی اطلاع یہ ہے کہ روزانہ اورنج جوس استعمال کرنے والے افراد کو چلنے پھرتے وقت جھٹکے بھی نہیں لگتے۔ واضح ہو کہ ہڈیوں کی کمزوری اور ٹوٹ پھوٹ ایک بڑا مسئلہ ہے اور برطانوی محکمہ صحت روزانہ کم سے کم 46لاکھ پونڈ ہڈیوں کے امراض پر خرچ کرتا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق سالانہ تقریباً65ہزار افراد پیروں میں خون کی گرد ش کم ہونے یا ہڈیاں کمزور ہوجانے کی وجہ سے لڑکھڑانے لگتے ہیں یا گر جاتے ہیں۔ واضح ہو کہ وٹامن سی ٹماٹر، اسٹرابیری، کیوی اور بروکولی میں بھی اچھی خاصی مقدار میں پایا جاتا ہے۔ مگر سب سے زیادہ کارگر سنترے میں پایا جانے والا وٹامن سی ہوتا ہے۔