نیویارک.... فضائی آلودگی سے ہڈیوں کی کمزوری اور گٹھیا کا مرض بھی لاحق ہوسکتا ہے اور انسان وقت سے قبل موت کی آغوش میں جاسکتا ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کے میلمن اسکول آف پبلک ہیلتھ نے اس ضمن میں شمال مشرقی امریکہ سے 90 لاکھ افراد کے ڈیٹا کا احتیاط سے موازنہ کیا ہے ۔ اپنی نوعیت کی اس واحد اسٹڈی میں کہا گیا ہے کہ ٹریفک کا دھواں ہڈیوں کو کمزور کرکے فریکچر اور گٹھیا کی وجہ بن رہا ہے۔سائنسداں اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہتے ہیں کہ فضائی آلودگی پیراتھائرائیڈ ہارمون پر اثر انداز ہوتی ہے جو کیلشیم کی پیداوار کو کنٹرول کرتا ہے ۔ اس طرح کیلشیم کم بنتا ہے ہڈیاں بھربھری ہوکر کمزور ہوتی رہتی ہیں ۔ اس طرح مریض بار بار فریکچرکا شکار ہوتا ہے اور اسے اسپتال میں داخل کرنا پڑتا ہے۔اس سے قبل یہ ثابت ہوچکا ہے کہ ٹریفک کے دھویں سے بھرپور علاقوں کے لوگ فالج، امراضِ قلب، پھیپھڑوں اور سانس کی بیماریوں ، دمے اور ڈائمینشیا جیسے مرض کے شکار ہوسکتے ہیں لیکن اس مطالعے سے پہلی مرتبہ یہ ثابت ہوا ہے کہ آلودگی اب ہڈیوں کی بھی دشمن ہے۔