جدہ..... بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے ایک معمر سعودی شہری کو جان ہتھیلی پر رکھ کر بچانے والے فلپائنی شہری داوود بالندون نے 2009ءکے دوران جدہ سیلاب میں تاریخی قربانی دینے والے پاکستانی شہری فرمان علی کی یاد تازہ کر دی۔ جس نے کئی لوگوں کی جان بچا کر اپنی جان امدادی عمل کے دوران جان آفرین کے حوالے کر دی تھی۔ سعودی عرب نے فرمان کو اول درجے کا تمغہ شجاعت عطا کیا تھا۔ فلپائنی شہری نے نہ صرف یہ کہ سعودی بزرگ کی جان بچائی خود بھی بسلامت سیلاب سے باہر آگیا۔ سوشل میڈیا پر فلپائنی شہری کے اس کارنامے پر انتہائی پسندیدگی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ سعودی شہری کو بچانے کے واقعے پر مشتمل ویڈیو وائرل ہو گئی ہے۔ داوود نے ٹوٹی پھوٹی عربی میں عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے دلی جذبات کا اظہار یہ کہہ کر کیا۔ "انا ما فی خوف موت" اس کے معنی ہیں کہ "میں موت سے نہیں ڈرتا"۔ محکمہ شہری دفاع نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کر کے فلپائنی شہری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ ہمارے اہلکار بھی جائے وقوع پہنچ گئے تھے تاہم فلپائنی ان پر بازی لے گیا۔