فلیٹ پیک فیملی ہاؤس جو 6گھنٹے میں تعمیر ہوسکتا ہے
جمعرات 23 نومبر 2017 3:00
روم .... آج کے دور میں جب رہائشی سہولیات کی شدت سے کمی محسوس ہورہی ہے اور انسانی آبادی میں روزمرہ اضافے سے یہ کمی شدید سے شدید تر ہوتی جارہی ہے۔ مکان کیلئے جگہ ڈھونڈنا اور پھر اس پر مکان تعمیر کرنا بڑے جان جوکھم کا کام بن گیا ہے۔ اسی وجہ سے لوگ اب ایسے مکانات کی جستجو میں لگ گئے ہیں جنہیں آسانی سے بنایا جاسکے۔ ایسے ہی لوگوں کی سہولت کیلئے ممتازاطالوی آرکیٹک ریناٹو ویڈال نے ایک ایسا پورٹیبل مکان تیار کرلیا ہے جسے فیملی ہائوس کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ریناٹو کا کہنا ہے کہ مکان کی مجموعی قیمت 25ہزار پونڈ ہے اور یہ فلیٹ پیک فیملی ہاؤس کے نام سے دستیاب ہے۔ بظاہر اس پیک میں شامل تعمیراتی اجزاء لکڑیوں سے بنائے گئے ہیں مگر یہ اتنے مضبوط ہیں کہ زلزلے کے زوردار جھٹکے بھی آسانی سے برداشت کرسکتے ہیں اوراسے تعمیر کرنے کیلئے 6 گھنٹے کا وقت کافی ہے۔ دوسری خصوصیت یہ ہے کہ جس جگہ یہ مکان بنایا جاتا ہے اگر وہ جگہ پسند نہ آئے یا کچھ دنوں بعد جگہ بدلنے کی خواہش پیدا ہو تو آپ باآسانی اس ڈھانچے کو کھول کر ڈبے میں بند کرکے کسی دوسری جگہ منتقل ہوسکتے ہیں۔ مکان کا کل رقبہ 290مربع فٹ بتایا جاتا ہے۔ فلیٹ پیک تعمیر کرنے والی کمپنی ایم اے ڈائی ہوم کا کہناہے کہ بارش او ر طوفانی ہوائوں سے اس کا تیار کردہ مکان محفوظ رہ سکتا ہے۔ اندرونی آرائش بھی بیحد اچھی ہے ۔ جسے دیکھنے والے یقینا اسے پہلی فرصت میں خریدنا پسند کرینگے۔ بجلی کا انتظام اور پانی کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔