برزبن ٹیسٹ:انگلینڈ 302پر آوٹ، آسٹریلیا کے پہلی اننگز میں165/4رنز
برزبن:آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن انگلینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 302 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی اور کھیل کے اختتام تک آسٹریلیا کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں4 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنالئے ہیں اور جب دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ 64 اور شان مارش 44رنز پر کھیل رہے تھے ،آسٹریلیا کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ پورا کرنے کے لئے ابھی مزید134رنز کی ضرورت ہے اور اس کی 6وکٹیں ابھی باقی ہیں۔پہلے سیشن کا کھیل آسٹریلوی بولرز کے نام رہا اور انگلش ٹیم 6 وکٹیں گنواکر 106رنز بناسکی۔ برزبن کے گابا کرکٹ گراونڈ پر دوسرے دن کا کھیل شروع ہوا تو انگلش ٹیم نے 196رنز 4 کھلاڑی آوٹ پر نامکمل اننگز کو آگے بڑھایا، ناٹ آوٹ بیٹسمین ڈیوڈ ملان 28اور معین علی نے13رنز پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی اور مجموعی اسکور 245رنز تک پہنچادیا،مہمان ٹیم کو پہلا نقصان ڈیوڈ ملان کی صورت میں اٹھانا پڑا جو اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 56رنز بناکر اسٹارک کی گیند پر مارش کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔اگلے ہی اوور میں معین علی بھی اپنی وکٹ گنوابیٹھے اور38رنز بناکر ناتھن لیون کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے ۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 302رنز بناکر پویلین لوٹ گئی۔ آسٹریلیا کی طرف سے مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز نے3،3جبکہ ناتھن لیون نے 2 اور جوش ہیزل ووڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلیا کی ٹیم کو بھی اچھا آغاز نہ ملا ، اننگز کا پہلا نقصان 7 رنز پر ہی اٹھانا پڑا، جب بین کرافٹ براڈ کی گیند پر وکٹ کیپر جونی بیئراسٹو کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔عثمان خواجہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہرسکے اور صرف 11رنز بناکر معین علی کی گیند پرایل بی ڈبلیو ہوگئے۔وکٹیں گرنے کا سلسلہ یہیں نہ رک سکااور دوسرے اوپنر ڈیوڈوارنر کو جیک بال نے 26رنز پر پویلین کی راہ دکھا ئی جبکہ ہینڈزکومب 14رنز بناکر اینڈرسن کا شکار بنے۔صرف 76رنز پر آسٹریلیا کے چار ٹاپ آرڈر بیٹسمین پویلین لوٹ چکے تھے۔ اس موقع پر کپتان استمھ اور مارش نے پانچویں وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 89 رنز بناکر اسکور 165تک پہنچادیا۔ کپتان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور اسکور کو محتاط انداز میں آگے بڑھاتے رہے۔دوسرے دن کا کھیل ختم ہوا تو اسٹیو اسمتھ 64 اور مارش 44 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔انگلینڈ کی جانب سے اینڈرسن، براڈ، معین علی اور جیک بال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔آسٹریلیا کو انگلینڈ کا اسکور پورا کرنے کے لئے ابھی مزید134رنز کی ضرورت ہے اور اس کی 6وکٹیں ابھی باقی ہیں۔