Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی ادب نواز ہے، خان ہشام بن صدیق

سفارتخانہ پاکستان میں کلچرل گروپ کے زیر اہتمام محفل مشاعر کا انعقاد، سعودی عرب سمیت بحرین سے شعرا کی شرکت
ریاض ( ذکاءاللہ محسن)سفارت خانہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں پاکستان کلچرل گروپ کی جانب سے محفل مشاعرہ کی محفل منعقد ہوئی جس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق کا کہنا تھا کہ اردو ادب کو جتنی ترویج ملی اتنی آج تک کسی اور زبان کو میسر نہیں آئی۔ پاکستان میں ایسے شعراء کرام پیدا ہوئے جن کا کلام ملک کے اندر بھی اور دنیا کے دیگر ممالک میں بھی شوق سے پڑھا اور سنا جاتا ہے۔ مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی کہ سعودی عرب میں ادب نواز افراد کی کمی نہیں۔ یہاں لوگ شعرو شاعری، موسیقی اور فنون لطیفہ میں خوب دلچسپی رکھتے ہیں۔ سفارت خانہ پاکستان کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ کمیونٹی کے اچھے پروگراموں میں تعاون کرے ۔ سفیر پاکستان نے پروگرام کے آرگنائزر کی کاوش کو سراہا اور حاضرین کی آمد کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جس طرح کمیونٹی یکجان ہو کر یہاں رہتی ہے ،اس سے ایک مثبت تاثر ملتا ہے اورتمام لوگ علم و ادب کی محافل میں شرکت کر کے قومی فریضہ سرانجام دیتے ہیں۔ وہ لوگ یقینی طور پر قابل تحسین ہیں جو اردو ادب کو آنے والی نسلوں کو منتقل کرنے کا کام بڑے احسن انداز میں کر رہے ہیں۔ پاکستان کلچرل گروپ کے محفل مشاعرہ کی نظامت کے فرائض شمشاد احمد صدیقی اورڈاکٹر منصور میمن نے شاعرانہ انداز میں کی اور کہا کہ اردو شاعری اپنا ایک الگ مقام رکھتی ہے۔ پاکستان کلچرل گروپ کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ دیار غیر میں بھی ادب نوازوں کے لئے پروگرام ترتیب دئیے جائیں تاکہ وہ بھی اچھی شاعری سے مستفید ہو سکیں۔کلچرل گروپ کے چیرمین ستارہ امتیازڈاکٹر ریاض خواجہ اور سیکرٹری جنرل ظفراللہ خان کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم گزشتہ 35 سال سے پاکستانی کمیونٹی کے لئے اصلاحی، فلاحی اور ادبی پروگرام ترتیب دیتی آرہی ہے جس میں ہمیں ہمیشہ سفارت خانہ پاکستان کا تعاون میسر رہا ۔ معروف شاعر سہیل ثاقب کی صدارت میں مشاعرہ شروع ہوا تو منطقہ شرقیہ، ریاض، جدہ اور بحرین سے آئے ہوئے شعراء کرام نےکلام پیش کیا جس پر حاضرین نے دل کھول کر داد دی۔ شعرا ئےکرام میں رافع زبیر ی ،منصور محبوب، چوہدری رانا شاہد، محسن رضا ،ثمرشاہد خیالوی، مسعود جمال، صدف فریدی،غزالہ کامرانی ،ریاض شاہد،وقار نسیم وامق ،شوکت جمال، سلیم کاوش ،قدسیہ ندیم لالی ،یوسف علی یوسف، اعزازی مہمان اقبال قمر اورسہیل ثاقب نے شرکت کی۔ تقریب کے آخرمیں سفیر پاکستان خان ہشام بن صدیق نے سہیل ثاقب کو اعزازی شیلڈ پیش کی۔ تلاوت کلام پاک کی سعادت غضنفر میر نے حاصل کی جبکہ نعت رسول مقبول معروف نعت خواں محمد اصغر چشتی نے پڑھی ۔

شیئر: