گھریلو اشیاء کی صفائی کیسے کریں ؟
کنگھیاں اور برش صاف کرنے کے لیے بیکنگ پاؤڈر اور گرم پانی ملا کر اس محلول میں کنگھیاں اور برش دھو لیجیے۔
آئینے پر ہیئرا سپرے کرنے کے بعد کسی نرم کپڑے پر ذرا سی سپرٹ لگا کر اس کی مدد سے آئینہ صاف کر لیں۔ آئینہ چمک جائے گا ۔
اگر شیشے کی سطح پر ہلکی خراشیں پڑ گئی ہوں تو ٹوتھ پیسٹ لگانے سے یہ مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔
لیموں کا رس لے کر اسے شیشے کی میز کی سطح پر اچھی طرح ملئے ،پھر پیپر ٹاول سے صاف اور خشک کر لیجئے، میز جگمگا اٹھے گی۔
دروازوں کے ہینڈل ،بجلی کے بورڈ اور ٹیلی فون کے ڈائل ایسے مقامات ہیں جن پر ہر کسی کے ہاتھ ہر وقت لگتے ہیں چنانچہ یہاں جراثیم کی مستقل قیام گاہیں بن جاتی ہیں اس لیے ان کو جراثیم کش ادویات سے باقاعدہ صاف کرتے رہنا چاہئے۔
تازہ لیموں کاٹ کر اس پر نمک چھڑکئے اور پھر لیموں کو کٹی ہوئی جانب سے سنگِ مرمر کی اشیاء پر لگنے والے داغ پر نرمی سے ملئے ورنہ اس کی پالش اتر جائے گی۔بعد میں صابن اور پانی سے دھو لیں۔
کندہ کاری والے فرنیچر کے لیے پرانے ٹوتھ برش کو فرنیچر پالش میں ڈبو کر استعمال کیجیے،برش احتیاط سے اور نرمی سے لگائیے۔
پہلے کی لگی ہوئی پالش صاف کرنا ہو تو ایک پیالی سرکہ ،اور اتنا ہی پانی ملا کر آمیزہ بنا لیں صاف کپڑا لے کر اسے اس محلول میں ڈبو کر نچوڑ لیں اور اس کپڑے سے پالش دور کرنے کے فوراً بعد دوسرے صاف کپڑے سے محلول صاف کر کے خشک کر لیں۔