نوجوان فلاحی کاموں میں آگے آئیں، موسانی، کمیونٹی کے باصلاحیت افراد میں اسناد ، انعامات کی تقسیم
جدہ (زبیر پٹیل)میمن ویلفیئر سوسائٹی (ماسا) نے کے جی سے لیکر ڈاکٹر انجینیئر اور چارٹرڈ اکاﺅنٹنٹ تک کمیونٹی کے باصلاحیت افراد کیلئے تقریب تقسیم اسناد و تحائف منعقد کی۔ یہ چھٹی سالانہ تقریب تھی۔ آغاز قرآن پاک کی تلاوت سے کیا گیا جسکی سعادت حافظ احمد کمال نے حاصل کی۔ نعت شریف احمد عرفان نے پیش کی۔ 3بچیوں انزلنا جاوید، عرفہ عرفان، امیمہ رفیق نے کورس میں د عائیہ نظم پڑھی۔ ویلفیئرسوسائٹی کے صدر عرفان حاجی احمد کولسا والا نے کہا کہ حصول علم میں میمن برادری کے نوجوان کسی بھی کمیونٹی سے کم نہیں۔ انہوں نے استقبالیہ خطبہ بھی پیش کیا جس میں مہمانوں کا خیر مقدم کیا گیا۔ سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے کہا کہ نوجوان فلاحی کاموں میں آگے آئیں۔ انہوں نے سوسائٹی کی کارکردگی پر جامع رپورٹ بھی پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ خاموشی سے کافی کام ہورہا ہے۔ اپنے ہی نہیں پرائے بھی خدمات کا اعتراف کررہے ہیں۔ پاکستان اسکول،سفارتخانے، سماجی تنظیم کے عہدیدار سوسائٹی کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ مہمان خصوصی یعقوب میمنی، جدہ کی معروف شخصیت محمد امین المیمنی ، سورتی گروپ آف کمپنی کے مالکان عبدالعزیز اسماعیل سیٹھ اور عدنان اسماعیل سیٹھ نے طلباء و طالبات میں ایوارڈ تقسیم کئے۔انعام پانے والوں میں قرآن کریم حفظ کرنے و الے طلباءو طالبات بھی شامل تھے۔ سوسائٹی کے اقبال ایڈوانی ا و رمحمد بدیع نے انعامات کی تقسیم میں حصہ لیا۔ فیاض عبدالقادر ، یونس حبیب، فواد محمد چھاپڑا، محمد اسماعیل فیڈا، عرفان کولسا والا، طارق مدنی، اقبال ایڈوانی اور محمد بدیع نے تقریب کے اخراجات برداشت کئے۔ انعاما ت کی تقسیم میں بھی حصہ لیا۔ نظامت کے فرائض وسیم تائی، اسماعیل فیڈ اور شعیب سکندر نے انجام دیئے۔ کئی انعام قرعہ اندازی کے ذریعے دیئے گئے۔ سراج آدمجی، سراج لالہ، احمد کمال مکی، صادق سوراٹھیا، عبدالقادر افریقہ والا، عبدالقادر تیلی اور رشید کاسمانی نے تقریب کو کامیاب بنانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ طلباءاور فیملی والوں کو انعامات اور کئی کمپنیوں کے تحائف پیش کئے گئے۔ شرکاء خوش تھے۔ نائب صدر یونس حبیب نے حاضرین کا شکریہ ادا کرکے تقریب کے اختتام کا اعلان کیا۔