مدینہ منورہ.... گورنر مدینہ منورہ فیصل بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ اعتدال اور میانہ روی سعودی عرب کی غیر متزلزل پالیسی ہے۔ یہ مملکت کا اسٹراٹیجک راستہ ہے۔ ریاض میں انتہا پسندانہ افکار کے انسداد کیلئے عالمی مرکز"اعتدال"کے قیام نے پوری دنیا کو اعتدال ومیانہ روی کے کلچر کو فروغ اور انتہا پسندانہ افکار سے نمٹنے کے سلسلے میں عالمی شمع روشن کی ہے۔ وہ مدینہ منورہ کی طیبہ یونیورسٹی کے زیر اہتمام "میانہ روی کے سفرائ" پروگرام میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ گورنر مدینہ منورہ نے کہا کہ سعودی عرب تشدد اور انتہا پسندی سے نمٹنے کیلئے میانہ روی اور اعتدال پسندی کا مسلسل پرچار کر رہا ہے۔ سعودی عرب عالم عرب اور اسلامی دنیا کے حوالے سے اپنے کردار اور دنیا بھر میں اپنے اقتصادی ، دینی و سیاسی رتبے کے پیش نظر یہ کام انجام دے رہا ہے۔ انہوں نے توجہ دلائی کہ علماءاور دانشور نئی نسل اور نوجوانوں کو اعتدال او رمیانہ روی سکھائیں۔ زندگی کے تمام امور میں اسلامی تعلیمات کے حقیقی مقاصد سے آگاہ کریں۔ گورنر مدینہ منورہ نے یہ بھی کہا کہ انتہا پسندانہ افکار کا مقابلہ معتدل افکار ہی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ کنگ عبدالعزیز مرکز برائے قومی مکالمہ کے سیکریٹری جنرل فیصل بن معمر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میانہ روی اسلامی قوانین ، اخلاقیات اور اصولوں میں اعتدال کے ہم معنی استعمال کیا گیا ہے۔ کنگ عبدالعزیز مرکز میانہ روی کے سفرا ءپروگرام میں تعاون دے رہا ہے۔ 17یونیورسٹیوں میں 1200طلباءو طالبات کے تربیتی پروگرام کرا چکا ہے۔ میانہ روی سے متعلق 30سے زیادہ جامعات اور کالجوں میں متعدد پروگرام کئے جائیں گے۔