Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گیرتھ بیل نے رئیل میڈرڈ کو شرمناک شکست سے بچالیا

میڈرڈ: ہسپانوی فٹبال کلب رئیل میڈرڈ کو اس کے ویلش کھلاڑی گیرتھ بیل نے بڑی خفت اور شرمناک شکست سے بچالیا اور چیمپیئن کلب تیسرے درجے کی ٹیم کےساتھ میچ برابر کرنے میں کامیاب رہا تاہم مجموعی برتری کی بدولت ہسپانوی ٹورنامنٹ کوپا ڈیل رے کے چوتھے راونڈ میں پہنچ گیا۔ٹورنامنٹ کے دوران رئیل میڈرڈ کی ٹیم فیونلابراڈا کے خلاف دوسرے مرحلے کا میچ کھیل رہی تھی۔ پہلے مرحلے کے دوران اس نے0-2سے کامیابی حاصل کی تھی اور خیال یہی تھا کہ یہ میچ بھی رئیل میڈرڈ کے لئے مشکل ثابت نہیں ہوگا۔ اسی صورتحال کی وجہ سے کوچ زین الدین زیدان نے نسبتاً کمزور ٹیم کو میدان میں اتارا اور اس میں رونالڈو ، کریم بینزیمااور گیرتھ بیل شامل نہیں تھے ۔ کوچ کو اس وقت اپنی غلطی کا احساس ہوگیا جب فیونلابراڈا نے پہلے ہاف کے 25ویں منٹ میں برتری حاصل کرلی اور رئیل میڈرڈ کی سر توڑ کوشش کے باوجود اسے برابر کرنے میں بھی کامیاب نہ ہو سکی ۔ دوسرے ہاف کے دوران بھی 15منٹ تک رئیل میڈرڈ کوئی گول نہ کرسکی تو کوچ نے مجبور ہو کر اسٹار کھلاڑی گیرتھ بیل کو کھیلنے بھیجا ،بیل زخمی ہونے کی وجہ سے کافی دنوں سے ٹیم سے باہر تھے اور حال ہی فٹ ہو کر واپس آئے تھے۔انہوں نے شاندار موو کے ذریعے بورجا مایورال کو پاس دیا جسے گول میں بدلنے میں انہوں نے کوئی غلطی نہیں کی۔ 7منٹ بعد بورجا نے اپنا اور ٹیم کا دوسرا گول کرتے ہوئے رئیل میڈرڈ کو برتری دلا دی۔ میچ ختم ہونے سے صرف ایک منٹ پہلے فیونلابراڈا کی جانب سے پورٹیلا نے دوسرا گول کرکے میچ 2-2 سے برابر کردیا ۔

شیئر: