ریاض .... ایرانی حکام نے سعودی عرب کے سرکاری دورے پر مملکت آتے وقت بلغاریہ کے وزیراعظم کے طیارے کو اپنی فضائی حدود سے گزرنے سے روک دیا۔ بلغاریہ کی وزیر خارجہ نے اس اطلاع کی تصدیق کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس طیارے پر ایرانی فضائی حدود سے گزرنے سے روکا گیا بلغاریہ کے وزیراعظم اور سرکاری وفد کے ارکان موجود تھے۔ ایرانی حکام نے ابتداءمیں اجازت دیدی تھی تاہم فضائی حدود میں طیارے کے داخل ہونے کے بعد اجازت واپس لے لی تھی۔ بلغاریہ کی وزیر خارجہ نے یہ بھی بتایا کہ طیارہ مجبوراً ترکی کی فضائی حدود سے ہوکر مملکت پہنچا۔ انہوں نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ آخر سفارتی اجازت نامہ جاری کرنے کے بعدایرانی حکام نے پابندی کیوں لگائی۔ بلغاریہ کی حکومت کی ترجمان نے بتایا کہ صوفیا میں ایرانی سفارتخانے کے ناظم الامور کو بلا کر وضاحت طلب کرلی گئی۔