ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور بلغاریہ کے وزیراعظم نے بدھ کو ریاض کے شاہی قصر میں سرکاری مذاکرات کئے۔ مختلف شعبوں میں سعودی عرب اور بلغاریہ کے درمیان تعاون کے افق کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں کی موجودگی میں 2معاہدے کئے گئے۔ زراعت، سمکیات اور مویشیوں کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر سعودی عرب کی جانب سے وزیر ماحولیات و پانی و زراعت عبدالرحمان الفضلی اور بلغاریہ کی جانب سے وزیر زراعت و خوراک و جنگلات نے دستخط کئے جبکہ دہرے ٹیکس سے بچاﺅ اور انکم ٹیکس کے معاہدے پر مملکت کی جانب سے وزیر خزانہ محمد الجدعان اور بلغاریہ کی جانب سے نائب وزیراعظم برائے عدالتی ا صلاحات نے دستخط کئے۔ مذاکرات اوردستخط کی تقریبات میں گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر ، وزیر مملکت و رکن کابینہ شہزادہ منصور بن متعب بن عبدالعزیز، وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود ، وزیر مملکت و رکن کابینہ و سربراہ ایوان شاہی خالد العیسیٰ ، وزیر ماحولیات پانی و زراعت عبدالرحمان الفضلی، وزیر خارجہ عادل الجبیر ، وزیر خزانہ محمد الجدعان ، بلغاریہ میں متعین سعودی سفیر مسفر آل غاصب اور بلغاریہ کی جانب سے وزیراعظم کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کے ارکان موجود تھے۔ اس سے قبل شاہ سلمان نے ریاض کے اپنے قصر میں بلغاریہ کے وزیراعظم اور انکے ہمراہ آنے والے وفد کو خوش آمدید کہا اور انکے اعزاز میں پرتکلف ظہرانے کا اہتمام کیا تھا۔