Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دہلی ٹیسٹ:ویرات کوہلی کا ڈبل سنچریوں میں عالمی ریکارڈ

نئی دہلی: دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ گرونڈ پر کھیلے جارہے سری لنکا کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی کپتان ویرات کوہلی نے شاندار ڈبل سنچری بناکر کپتان کے طور پر6ڈبل سنچریاں بنا ناکر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔ہندوستان کی پہلی اننگز میں 536/7کے جواب میں سری لنکا نے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے تک3وکٹ پر131رنزبنا لئے تھے۔ فاسٹ بولر محمد شامی نے اننگز کے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر افتتاحی بلے باز کرنا رتنے کو وکٹ کیپر ساہا کے ہاتھوں کیچ آوٹ کراکے سری لنکا کو زبردست جھٹکا دیا۔تھوڑی ہی دیر بعد5.1اوورز میں سری لنکا کی دوسری وکٹ گر گئی۔ دھننجے ڈی سلوا ، ایشانت شرما کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے ۔ دلروان پریرا اور میتھیوز نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی لیکن ابھی اسکور 47رنز ہی تھا کہ لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ نے پریرا کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کر دیا۔ انہوںنے 54گیندوں پر9چوکوں کی مدد سے42رنز بنائے۔ دوسرے دن کا کھیل کا وقت ختم ہوا تو اینجلو میتھیوز 57اور چندیمل 25رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ میتھیوز نے118 گیندیں کھیلتے ہوئے 8چوکے اور 2چھکے لگائے جبکہ چندیمل کی اننگز میں3چوکے شامل تھے ۔اس سے قبل کپتان ویرات کوہلی کی ڈبل سنچری اور روہت شرما کی ہاف سنچری اور ان دونوں کے درمیان پانچویں وکٹ کے لئے 135رنز کی پارٹنر شپ کی بدولت ہندوستان نے 7وکٹ پر 536رنز بنا کر اننگز ڈیکلیرکر دی۔کوہلی243رنز بنا کر سندا کن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آوٹ ہو گئے۔ انہوں نے 287گیندیں کھیلیں اور25چوکے لگائے جبکہ روہت نے 102گیندوں پر سات چوکوں اور دو چھکوں کے ساتھ65رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سے لیفٹ آرم چائنا مین سنداکن 4وکٹ لے کر سب سے کامیاب بولر ثابت ہوئے۔ فاسٹ بولر گماگے کو 2اور پریرا کو ایک وکٹ ملی۔ قبل ازیں کپتان ویرات کوہلی نے ڈبل سنچری اسکور کرتے ہوئے بطور کپتان 6 ڈبل سنچریوں کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل وہ اس ریکار ڈمیں ویسٹ انڈیز کے برائن لارا کے ساتھ شریک تھے۔برائن لارانے کپتان کے طور پر 5ڈبل سنچریاں بنائی تھیں۔ اس ڈبل سنچری کے ساتھ ہی 6ڈبل سنچریاں بنانے والے ہم وطن کھلاڑیوں وریندرسہواگ اور سچن ٹنڈولکر کے برابر آگئے ۔سہواگ نے180اور ٹنڈولکر نے 329اننگز میں یہ ڈبل سنچریاں بنائیں جبکہ ویرات نے صرف 105اننگز میں ہی یہ کارنامہ انجام دے دیا۔ویرات کی یہ ڈبل سنچری ان کے کیر یئر کا سب سے بہترین اسکور بھی ہے۔اس سے قبل ان کا زیادہ سے زیادہ اسکور 235رنز تھا جو انہوں نے2016میں ممبئی میں انگلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔ویرات کوہلی نے یہ تمام ڈبل سنچریاں ڈیڑھ سال کے عرصہ میں بنائی ہیں۔اس سیریزمیں یہ ان کی لگاتار دوسری ڈبل سنچری ہے۔ ناگپور میں وہ 213رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔کوہلی نے 287گیندوں پر 25چوکوں کی مدد سے 243رنز بنائے۔
 

شیئر: