سورت۔۔۔سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ووٹ حاصل کرنے کیلئے انہیں سطح سے نہیں گرنا چاہئے۔ انہوں نے اس بات کی نفی کی کہ کانگریس نے پچھلے 70برسوں میں کچھ نہیں کیا۔ آج کے ہندوستان میں ترقی کی داغ بیل کانگریس حکومت نے ہی ڈالی ۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ مودی محض ووٹوں کے حصول کیلئے ملک کو بد نام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے دورحکومت میں اقتصادی شرح 7.8فیصد بڑھ گئی تھی تاہم مودی حکومت میں یہ شرح 7فیصد سے تھوڑی اوپرہے۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اور جی ایس ٹی کا نفاذ غلط طریقے سے کیاگیا جس سے عوام پریشانیوں میں مبتلا ہو گئےاور ان کے درد کا احساس تک وزیر اعظم مودی کو نہیں ہوا۔ نوٹ بندی کی وجہ سے صرف سورت میں تقریباً90ہزار پاورلوم بند ہوگئےجہاں کام کرنے والے 31ہزار افراد کو بے روزگاری کا سامنا کرنا پڑا۔