لکھنؤ۔۔۔۔ریلوے کے کارکنوں کی مستعدی اور ہوشیاری سے ٹرین کا بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ریلوے لائن کی مرمت اور نگرانی پر تعینات اہلکاروں کو ڈالی گنج سے بادشاہ نگر کے درمیان ریلوے لائن اور سلیپر کو جوڑنے والی 308پنڈول کلپس غائب نظر آئیں جس کے بعد لکھنؤ آنے والی متعدد ٹرینوں کو شہر سے باہر ہی روک دیاگیا۔ نگرانی کیلئے آئے ہوئے شمال مشرقی ریلوے کے جی ایم کو جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع ملی وہ موقع پر پہنچ گئے اور واردات کی تحقیقات کے علاوہ ایف آئی آردرج کرنے کی ہدایت دی۔ بعد ازاں ریلوے پٹری کی مرمت کرنے کے بعد ٹرینوں کی آمدورفت بحال کردی گئی۔صبح ساڑھے 4بجےریلوے کے کارکنان جب پٹری کی نگرانی کیلئےنکلے تو انہیں ٹریک پر پنڈول کلپس بکھری ہوئی نظر آئیں ۔ فوراً پٹریوں کی باریک بینی سے چھان بین کی گئی تو تقریباً ایک کلو میٹر تک ٹریک کی پنڈول کلپس غائب تھیں۔کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد ریلوے ملازمین اور اعلیٰ حکام نے پٹریوں میں پنڈول کلپس نصب کرکے ٹرین کی آمدورفت کے قابل بنایا۔