نئی دہلی۔۔۔۔میٹرو ٹرین میں نشہ آور مشروبات پینا یا بدتمیزی کرنا اب مہنگا پڑسکتا ہے۔ بدتمیزی یانشہ کرنے والے افراد پر 5ہزار روپے تک جرمانہ عائد ہوگا۔ حکومت نے میٹرو ریل 2017ء بل میں اس قسم کے معاملات پر جرمانوں اور سزاؤں کی تجویز دی ہے۔ بل کے مطابق اگر کوئی شخص نشہ کی حالت میں سفر کرتے ہوئے غلط زبان استعمال کرنے کا مرتکب پایا گیا تو اس پر جرمانہ ہوگا۔ اگر میٹرو اہلکار ایسا بدتمیزی یا نشہ کی حالت میں پائے گئے تو جرمانے کی رقم بڑھ کر 10ہزار روپے کردی جائے گی۔ اگر کسی اہلکار کی وجہ سے مسافر کی زندگی خطرے میں پڑے گی تو ایسی صورت میں 20ہزار روپے جرمانہ اور 2سال قید کی سزا دینے کی تجویز ہے۔میٹروٹرین کےمقام پریا ٹرین میں کھانا کھانے، گندگی پھیلانے اور مسافروں کی جان و مال مشکلات میں ڈالنے پر بھاری جرمانہ لگایا جائیگا۔ ذرائع نے بتایا کہ قانون سازی سے مسودہ کوحتمی شکل کیلئے کابینہ کے سامنے پیش کیا جائیگا۔