غیر قانونی تارکین پر اخباری کالم
سعودی عرب سے شائع ہونے والے اخبار” الاقتصادیہ “میں غیرقانونی تارکین پر لکھے جانیوالے کالم کا ترجمہ نذر قارئین ہے۔
غیر قانونی تارکین کے تعاقب میں شہریوں کا کردار
سطام الثقیل ۔ الاقتصادیہ
”غیر قانونی تارکین سے پاک وطن “ مہم کا دوسرا مرحلہ 26صفر 1439ھ کو شروع کیا گیا تھا۔ کامیابی سے آگے بڑھ رہاہے۔ سیکیورٹی ادارے مملکت کے تمام علاقو ںمیں مکمل عزم کیساتھ اسے نافذ کررہے ہیں۔ مختصر مدت میں ایک لاکھ46ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکین پکڑے جاچکے ہیں۔ اس سے پتہ چلتا ہے کہ ہماری حکومت اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کی پکڑدھکڑ اور انہیں مقررہ سزائیں دینے کے بعد انکے وطن روانہ کرنے کے سلسلے میں سنجیدہ ہے۔ ان لوگوں کو بھی سزا دینے کے حوالے سے پرعزم نظرآرہی ہے جن سے غیر قانونی تارکین مدد لیتے رہے ہیں۔
یہ مہم سرکاری ہی نہیں بلکہ عوامی بھی ہے۔ اسکا دائرہ سیکیورٹی اداروں تک محدود نہیں۔ مقامی شہریوں اور باقاعدہ طور پر مقیم غیر ملکیوں کے مفادات بھی اس مہم سے وابستہ ہیں۔ غیر قانونی تارکین کی موجودگی سے سعودی شہری بھی متاثر ہورہے ہیں اور قانونی طور پر مقیم غیر ملکی بھی انکی غیر قانونی موجودگی کا خمیازہ بھگتتے ہیں۔ غیر قانونی تارکین کیخلاف مہم سے ہم سب کو فائدہ ہورہا ہے۔ اسکی بدولت سعودی لیبر مارکیٹ منظم ہورہی ہے۔ نجی اداروں میں نئی ملازمتیں ایسی صورت میں تخلیق کرنا جبکہ ہزاروں غیر قانونی ملازم لیبرمارکیٹ کے بڑے حصے کو اپنے قبضے میں کئے ہوئے ہوں نجی اداروں اور کمپنیوں نیز قومی معیشت کیلئے زبردست نقصانات کا باعث ہے۔
سعودی شہریوں اور قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کا فرض ہے کہ اس حوالے سے ہم اپنے فرض کو محسوس کریں۔ خود پسندی کے جذبات سے بالا ہوکر سرکاری اداروں کو غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم کامیاب بنانے میں بھرپور تعاون کریں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭