Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں قابل ستائش ترقی ہوئی ،میئر لندن

لاہور...لندن کے میئر صادق امان خان نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی میں اپنا تعاون جاری رکھیں گے۔پاکستان اور لندن آگے بڑھ رہے ہیں۔ دونوں مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔ تجارت، تعلیم، سیاحت اور ملازمتوںکےلئے لندن کے دروازے کھلے ہیں۔پاکستانیوں   کو خوش آمدید کہیں گے۔میرے والد پاکستانی ہیں۔مجھے اس بات پر بہت فخر ہے۔ الحمرا میں تقریب سے خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور آمد پر ملنے والی عزت افزائی پر سب کا بےحد مشکور ہوں۔یہاں کے لوگوں کی میزبانی کو کبھی فراموش نہیں کر سکوں گا۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان میں قابل ستائش ترقی ہوئی ہے۔عالمی مارکیٹ میں پاکستان کا مستقبل بہت بہتر ہے۔ پاکستان لندن سمیت دنیا بھر کی معیشت میں بہتر جگہ پاسکتا ہے۔صادق خان نے دہشتگردی کے خاتمے کے حوالے سے کہا کہ رواں سال لندن میں دہشتگردی کے 4واقعات پیش آئے۔دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے ہم سب کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہونا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لندن از اوپن کا تھیم لے کر جنوبی ایشیا کے دور ے کا آغاز کیا ہے۔ اسی سلسلہ میں لاہور آیا ہوں ۔ اسلام آباد اور کراچی کے دورہ پر بھی جاوں گا۔ انہوںنے کہا کہ لندن میں دنیا بھر کی اقوام بستی ہیں اورانہیں آگے بڑھنے کے بھرپو ر مواقع میسر ہیں۔ لندن میں اقلیتیں بھی آباد ہیں جنہیں ہر طرح کی آزادی اور تحفظ حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کےلئے اپنا تعاون جاری رکھیں گے ۔ جب وفود کا تبادلہ ہوگا تو تجارت سمیت ہر شعبے میں تعلقات کو فروغ اور ترقی ملے گی ۔لندن میں موجود بہت سے سائنسدان، اساتذہ اور بزنس مین پاکستانی ہیں۔ لندن ایک عظیم شہر ہے جسے یہ مقام دینے میں پاکستانیوں کا بڑا حصہ ہے۔

شیئر: