لکھنؤ۔۔۔۔بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے سب سے پرانے مدعی رہے مرحوم ہاشم انصاری کے بیٹے اقبال انصاری نے کہا کہ میں رام مخالف نہیں اور نہ ہی میرے والد تھے، ایودھیا میں ایک نہیں ہزاروں رام مندر بنیں مجھے کوئی شکایت نہیں۔ میرا تو بس یہی کہنا ہے کہ بابری مسجد ہماری ہے اور اسی حق کی لڑائی لڑتے ہوئے ہمارے والد اس دنیا سے رخصت ہوگئے۔ان کے بعد میں لڑرہا ہوں۔ اقبال انصاری نے کہا کہ میرے والد اور مہنت گیان داس کی دوستی مثالی تھی۔ لڑائی صرف حق کی ہے۔ جس جگہ رام لیلا ہے وہاں مسجد تھی۔ اس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں اور وہی لڑائی ہم لڑرہے ہیں۔ عدالت سے باہر باہم رضامندی سے مسئلے کے تصفیہ پر انصاری نے کہاکہ اب یہ ممکن نہیں۔ اقبال انصاری نے کہا کہ اب وہ مندر مسجد کے نام پر ایودھیامیں فساد نہیں چاہتے۔ عدالت کا جو بھی فیصلہ ہواسے تسلیم کیا جائے گا۔