Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مخلوق خدا کی خدمت اللہ تعالی کی خوشنودی کا ذریعہ ہے ،مولانا نوید افروز

بزم طلبائے قدیم و محبان جامعہ نظامیہ کے زیر اہتمام مولانا عبدالحسیب کی استقبالیہ اور رفعت علی صدیقی کی الوداعیہ تقریب
    * * *امین انصاری ۔  جدہ** *
دارالعلوم کاظمیہ  ناندیڑکے بانی و صدر  مولانا عبدالحسیب کی جدہ آمد پر ان کے اعزاز میں  بزم طلبائے قدیم و محبان جامعہ نظامیہ  نے مولانا حافظ و قاری نوید افروز نوید کے زیر صدارت  استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا  ۔ اس تقریب میں جدہ کی معروف شخصیت رفعت صدیقی کی مستقل بنیاد پر وطن عزیز  واپسی پر الوداعیہ بھی  دیا گیا ۔ ان دونوں مہمانوں کوعبائیہ اور رومال پہنا کر اعزاز بخشا گیا ، نیز مولانا نوید افروز نے ان حضرات کے لئے دعائیہ اشعار بھی تحریر کئے اور انہیں سپاس نامہ پیش کیا گیا ۔ناظم جلسہ حافظ و قاری نظام غوری نے اپنے منفرد انداز میں تقریب کی کارروائی چلائی ۔حافظ وقاری نور کی تلاوت کلام پاک سے تقریب کا آغاز ہوا جبکہ حافظ و قاری سلیم قادری، سید احمد رضا، سید ابوبکر قادری ، محمد مدثر محی الدین اور راقم الحروف نے ہدیہ نعت پیش کرنے کی سعادت حاصل کی ۔ مولانا سید شاہ خلیل اللہ بشیر اویس بخاری اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔
    مولانا عبدالحسیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مومن کی شان یہ ہے کہ وہ اپنے مومن بھائی کی فلاح و بہبود کیلئے ہر وقت سرگرداں رہتا ہے ۔ اپنے رب کو راضی کرنے کیلئے وہ ٹوٹے ہوئے دلوں کو جوڑنے کی ہر وقت کوشش کرتا ہے ۔ اگر ایک مسلمانوں دوسرے مسلمان کا سہارا بن جائے تو معاشرے میں نہ صرف سدھار آجائے گا بلکہ ہرچہرہ فکر و پریشانی  سے پاک ہوگا ۔
     مولانا سید شاہ خلیل اللہ بشیر اویس بخاری نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ  امت مسلمہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر اتحاد کا مظاہرہ کرے ۔ باطل اور فرقہ پرست عناصر عالمی پیمانے پر اسلام اور اس کے ماننے والوں کے خلاف سازشوں کا جال بُن رہے ہیں ایسے میں ہمارا اتحاد ان کے عزائم کو تہس نہس کردے گا ۔ انہوں نے کہا کہ خود کو سپر پاور کہنے والا ملک القدس کو اسرائیلیوں کا مرکز بناکر مسلمانوں کے جذبات سے کھیل رہا ہے ۔ ہمیں پرامن انداز میں اس فیصلے کی مذمت کرنے کی ضرورت ہے ۔
    مولانا نوید افروز نوید نے کہا کہ مسلمان دینِ اسلام اور مقدس مقامات کی حفاظت کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔  یہ ہمارا آئینی حق ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ اللہ اور اسکے رسول کے احکامات پر عمل پیرا ہونا ہر مسلمان پر لازم ہے ۔ اگر ہم شریعت کے پابند ہوجائیں تو ہم دنیا اور آخرت میں سرخرو ہوسکتے ہیں ۔  انہوں نے کہا کہ مخلوقِ خدا کی خدمت ہی  اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کا بہترین ذریعہ ہے ۔
    تقریب کے انعقاد میں شیخ جنید ، شیخ جاوید ، یٰسین ملک ، محمد مسیح الدین  کلیم ، میر شعیب علی ، سید احتشام علی ، سید صابر ، شیخ حاجی اور محمد خواجہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ۔ اس موقع پر شرکائے محفل کی پرتکلف عشائیہ سے ضیافت کی گئی ۔

شیئر: